Live Updates

واسا نے آمدہ مون سون سیزن کے دوران معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کی پیشگوئی کردی، شدید بارشوں کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری طورپر شہر کے مختلف علاقوں میں 9مون سون ایمرجنسی پوائنٹس قائم کردیئے گئے، ضروری عملہ تعینات کرکے مطلوبہ مشینری بھی فراہم کردی گئی

پیر 1 جون 2020 16:41

واسا نے آمدہ مون سون سیزن کے دوران معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کی پیشگوئی ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی فیصل آباد نے آمدہ مون سون سیزن کے دوران معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کی پیشگوئی کی ہے اور شدید بارشوں کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری طورپر شہر کے مختلف علاقوں میں 9مون سون ایمرجنسی پوائنٹس قائم کردیئے گئے ہیں جہاں ضروری عملہ تعینات کرکے مطلوبہ مشینری بھی فراہم کردی گئی ہے۔

واسا کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ مون سون ایمرجنسی کیمپس مین سوساں روڈ مدینہ ٹاؤن ،ایل سی ایم سکول سمندری روڈ ،منڈی موڑ علامہ اقبال کالونی، بوہڑ والا گراؤنڈ راجہ غلام رسول نگر ،شیخو پورہ روڈنزد ٹوٹل پٹرول پمپ، گلشن کالونی نٹروالا روڈ،جھنگ روڈنزد آفس ریسکیو1122،کلمے والی ٹینکی گلستان کالونی اور احمد نگر (ڈرینج ڈویژن) میں قائم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ مون سون سیزن کے دوران واسا کے ان ایمرجنسی کیمپس میں سٹاف 24گھنٹے موجود ہوگا جو تین شفٹوں میں فرائض سرانجام دے گا جبکہ نشیبی علاقوں میں بارشی پانی کے نکاس کیلئے ڈسپوزل پمپس سمیت دیگر مشینری بھی دستیاب ہوگی ۔انہوں نے بتایاکہ مین سوساں روڈ کے کیمپ میں سب انجینئر حسن نواز فون نمبر 03409995484 ، ایل سی ایم ہائی سکو ل سمندری روڈ میں سب انجینئر محمد عثمان فون نمبر03409995253،منڈی موڑ علامہ محمد اقبال کالونی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر وقار احمدفون نمبر03409995291،بو ہڑ والاگراؤنڈ راجہ غلام رسول نگر میں سب انجینئرفون نمبر03409995473، شیخو پورہ روڈ کے ایمرجنسی کیمپ میں سب انجینئر مرزا اویس فون نمبر 03409995342،گلشن کالونی نٹروالا روڈ میں سب انجینئر محمد اعظم فون نمبر03409995074،جھنگ روڈ کے ایمرجنسی کیمپ میں سب انجینئرخالد محمود فون نمبر03409995286،کلمے والی ٹینکی گلستان کالونی میں سب انجینئر حافظ آصف فون نمبر03228880486،اور احمد نگر کے واسا مون سون ایمرجنسی کیمپ میں سب انجینئر سعید احمد فون نمبر 03409995089 فرائض انجام دینگے۔

انہوں نے بتایاکہ متعلقہ حکام کو واسا مون سون پلان پر کامیابی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ ممکنہ شدید بارشوں کی صورت میں شہر سے پانی کے بلاتاخیر اخراج کیلئے تمام تر وسا ئل اور پیشہ وارانہ صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں رہنی چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ تمام برساتی نالوں اور سیوریج سسٹم کی پیشگی بنیادوں پر معیاری صفائی کو یقینی بنایاجائے گا تاکہ بارشی پانی کے نکاس کی استعدادکمی نہ آئے۔

انہوں نے کہاکہ مون سون سیزن واسا کیلئے سنجیدہ چیلنج کی حیثیت رکھتاہے لہٰذا بہترین حکمت عملی اختیار کرکے سروسز کے معیار اور کارکردگی میں اضافہ ہوناچاہئے ۔انہوں نے متعلقہ حکام کو دستیاب جنریٹرز سمیت دیگر تمام مشینری کو بھی ہمہ وقت چالو حالت میں رکھنے کی ہدایت کی۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات