سنتھیا ڈی رچی کو فوری طور پر ملک بدر کیا جائے، مہر سلطانہ

بلاول بھٹو اپنے نانا اور والدہ کے نقش قدم پر عمل پیرا ہیں جو نابالغ سیاستدانوں اور غیر جمہوری قوتوں سے ہضم نہیں ہو رہا ‘ سابقہ ممبر صوبائی اسمبلی

پیر 1 جون 2020 22:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات و سابقہ ممبر صوبائی اسمبلی مہر سلطانہ ایڈووکیٹ نے سنتھیا ڈی رچی کو ملک بدر کرنے اور پیپلز پارٹی قیادت سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سنتھیا ڈی رچی کے مسلم دنیا کی پہلی وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید سے متعلق مذموم تبصرے اشتعال انگیزیوں کا سبب بن رہے ہیں ان کی پیپلز پارٹی کے خلاف سازشیں اور پاکستان کے عسکری نمائندگان کے ساتھ تصاویر سے عوام میں منفی پیغام جا رہا ہے ۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک طرف سنتھیا ڈی رچی خود کو سیاح، صحافی اور بیلی ڈانسر کے طور پر خود کو متعارف کرواتی رہی ہیں دوسری جانب پاکستان میں اعلیٰ سطح پر سیاسی امور میں مداخلت کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بھٹو ایک نظریئے کا نام ہے جن کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بی بی نے غریب عوام اور جمہوریت کی خاطر عظیم قربانیاں دیں یہاں تک کہ انہوں نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر جمہوریت کی خاطر جام شہادت نوش کیا مگر کبھی سر نہیں جھکایا یہی وجہ ہے کہ آج بھی لوگوں کے دلوں میں ان کیلئے بے پناہ محبت ہے تاہم اس قسم کے متنازعہ شخصیات لوگوں کے دلوں سے شہید بھٹو اور شہید بی بی کی محبت کو ختم نہیں کر سکتے ۔

مہر سلطانہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور غیر جمہوری قوتوں کی جانب سے پیپلز پارٹی کیخلاف جتنے بھی اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جائیں مگر ان کے ہاتھ کچھ نہیں آئیگا کیونکہ یہ وہ تاریخی ناکام ترین پارٹی ہے جس نے پیپلز پارٹی کے پروگرامات کے نام تبدیل کر کے کریڈٹ لینے کی کوشش کی تاہم ان کو مایوسی کے سواء کچھ نہیں ملا کیونکہ احساس پروگرام کو اب بھی لوگوں کی جانب سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام سے پکارا اور جانا جاتا ہے اور غریب عوام شہید بینظیر بھٹو کو دعائیں دیتے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ سابقہ وزیر اعظم بینظیر بھٹو شہید کے بیٹے بلاول بھٹو زرداری بھی اپنے نانا اور والدہ کے نقش قدم پر عمل پیرا ہیں اور عوام کی خدمت کیلئے کوشاں ہیں جو نابالغ سیاستدانوں اور غیر جمہوری قوتوں سے ہضم نہیں ہو رہا اور اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں ۔