ؒسعودی عرب ، امارات ، یورپ اور دیگر بیرونی ممالک میں اوورسیز پاکستانیز بڑی کسمپرسی کی حالت سے دوچار ہیں، لیاقت بلوچ

پیر 1 جون 2020 22:35

+ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2020ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کے پی کے میں ہزارہ ، مالاکنڈ ، پشاور اور 29 جنوبی اضلاع کی سیاسی انتخابی کمیٹی کے صدور اور سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ سعودی عرب ، امارات ، یورپ اور دیگر بیرونی ممالک میں اوورسیز پاکستانیز بڑی کسمپرسی کی حالت سے دوچار ہیں ۔

کرونا اور لاک ڈائون سے ان ممالک کی معیشت تتر بتر ہوگئی ۔ پاکستانی بے روزگار اور بے آسرا ہوگئے ۔ ریاست پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ فوری طور پر اوورسیز پاکستانیوں کو وطن واپس لایاجائے ۔وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنی ذمہ داری پوری کریں ۔ جماعت اسلامی عوامی خدمات کا مقدس فریضہ ادا کرتی رہے گی اور تباہ حال سیاسی ، اقتصادی نظام اور قیادت کے بحران میں قائدانہ کردار ادا کرے گی ۔

(جاری ہے)

ملک بھر کے اضلاع میں بلدیاتی اور عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں 303 دن سے کرفیو ، لاک ڈائون جاری ہے ۔ فاشسٹ مودی کا ظلم بڑھتا جارہاہے ۔ فاشسٹ مودی عالم امن اور سیاست کا ناسور ہے ۔ آزادی اور حق خود ارادیت کشمیریوں کا بنیادی انسانی حق ہے ۔ حکومت پاکستان نے کشمیر کو بھلا دیاہے ۔ بھارتی جارحانہ عزائم اور جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کے خلاف متفقہ پالیسی بنائی جائے ۔

لیاقت بلوچ نے شام میں عمر ثانی ؒ خلیفة المسلمین عمر بن عبدالعزیز ؒ کے مرقد کی بے حرمتی ، توہین ، دہشتگردکاروائی پر شدید دکھ اور صدمہ کا اظہار کیاہے ۔ پور ی دنیا میں شعائر اسلام ، مزارات اور مقامات مقدسہ کی بے حرمتی اور دہشتگردی کے واقعات جاری ہیں ۔ ان واقعات سے اشتعال فطری امر ہے ۔ عالم اسلام خواب غفلت سے بیدار ہواور اہل ایمان کے مذہبی جذبات کی حفاظت اور قدر کرے ۔ او آئی سی اپنا موثر کردار ادا کرے ۔