شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا معاملہ زیر غور ہے، انہیں کسی بھی وقت پکڑا جا سکتا ہے‘ 50 روپے کے سٹام پیپر پر جانے والے کی ضمانت شہباز شریف نے دی،

نواز شریف لندن میں ہشاش بشاش پھر رہے ہیں، ان کے پاس جب اقتدار نہیں ہوتا تو ملک سے چلے جاتے ہیں، شریف خا ندان کا سب کچھ باہر ہے، ملک میں یہ صرف اقتدار کیلئے آتے ہیں، سیاست کو کاروبار بنانے والوں کو عوام نے مسترد کر دیا ہے، کسی کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہئے، احتساب کا عمل کسی صورت نہیں رکے گا، پی ٹی آئی نظریاتی لوگوں کی جماعت ہے جو موروثی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، حکومت نے ایس او پیز متعارف کرانے کے بعد مرحلہ وار اور محدود پیمانے پر معاشی سرگرمیوں کا آغاز کیا، ایس او پیز کو نظر انداز کیا گیا تو لاک ڈاؤن کو سخت کردیں گے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ریلوے فرخ حبیب کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ

بدھ 3 جون 2020 21:32

شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا معاملہ زیر غور ہے، انہیں کسی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا معاملہ زیر غور ہے، انہیں کسی بھی وقت پکڑا جا سکتا ہے‘ 50 روپے کے سٹام پیپر پر جانے والے کی ضمانت شہباز شریف نے دی، نواز شریف لندن میں ہشاش بشاش پھر رہے ہیں، ان کے پاس جب اقتدار نہیں ہوتا تو ملک سے چلے جاتے ہیں، شریف خا ندان کا سب کچھ باہر ہے، ملک میں یہ صرف اقتدار کیلئے آتے ہیں، سیاست کو کاروبار بنانے والوں کو عوام نے مسترد کر دیا ہے، کسی کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہئے، احتساب کا عمل کسی صورت نہیں رکے گا، پی ٹی آئی نظریاتی لوگوں کی جماعت ہے جو موروثی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، حکومت نے ایس او پیز متعارف کرانے کے بعد مرحلہ وار اور محدود پیمانے پر معاشی سرگرمیوں کا آغاز کیا، ایس او پیز کو نظر انداز کیا گیا تو لاک ڈاؤن کو سخت کردیں گے۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو پی آئی ڈی میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ریلوے فرخ حبیب کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کورونا سے انتقال کرنے والے صوبائی اور قومی اسمبلی کے ارکان کی وفات پر افسوس ہے‘ کورونا وبا ء کا پاکستان میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے‘ حکومت کورونا وبا کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے‘ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت غریب طبقے کے بارے میں بھی سوچتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کورونا وباء سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے‘ عالمی سطح پربڑی معیشتیں بھی کورونا وبا کے چیلنج کا سامنا نہ کر پائیں‘ کورونا وباء سے بلاتخصیص کوئی بھی متاثر ہو سکتا ہے‘ کورونا وباء سے ہمارے تخمینوں سے بہت کم نقصانات ہوئے‘اپیل کرتا ہوں کہ عوام کورونا وبا کے ایس او پیز پر سختی سے عمل کرے۔ انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے عوام اور حکومتی ادارے مل کر کام کررہے ہیں‘ امیدہے کہ ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے کامیابی سے ہمکنارہوں گے۔

وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ ایک اور ٹڈی دل ملکی معیشت کو کھا گئے ہیں‘ شہباز شریف کورونا کے خوف سے اسمبلی نہیں آتے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت لندن سے اپنی تصاویر وائرل کر دیتے ہیں‘ مسلم لیگ (ن) کی قیادت جھوٹ اور فریب سے قوم کا وقت ضائع کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ جب نیب کا وارنٹ جاتا ہے تو شہباز شریف بھاگ جاتے ہیں۔

عدالت سے سٹے ملے تو ایسے نکلتے ہیں جیسے کشمیر فتح کیا ہو‘ اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کے خلاف واضح ثبوت موجود ہیں۔ ان کا نام ایگزیٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا معاملہ زیر غور ہے، بیرون ملک نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کئی حصوں میں تقسیم ہو چکی ہے۔ تصویر کا مقصد بھائی کو ڈرانا تھا کہ نواز شریف کسی بھی وقت آ سکتے ہیں، شہباز شریف ’’غیر اعلانیہ طور پر خود کو پارٹی کا سربراہ‘‘ قرار دے چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف وراثتی پارٹی نہیں، عمران خان اس گند کا صفایا کرے گا، اپوزیشن چاہتی ہے احتساب رک جائے، کورونا کے پیچھے چھپنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ہیں، یہ عوام کو مزید بیوقوف نہیں بنا سکتے، پوری قوم ان کوپہچان چکی، اب ان کا کوئی مستقل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما چاہتے ہیں کہ معیشت برباد ہوجائے، مسلم لیگ (ن) کے رہنما خیر خواہ نہیں ہیں، ان کے بچے دوسرے ممالک میں ہوتے ہیں، ان کا اسٹیک یہاں نہیں ہے، مال بنانے آتے ہیں اور پھر چلے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف چاہتے ہیں کہ ان کے خلاف احتساب کا عمل رک جائے‘ جبکہ وزیراعظم عمران خان آئے ہی احتساب کے نصب العین کے ساتھہیں اور اسی وجہ سے چینی بحران پر مشتمل کمیشن رپورٹ عوام کے سامنے پیش کی تاکہ ملک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف بلا امیتاز کارروائی ہو سکے۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ریلوے فرخ حبیب نے کہا کہ ملک کو لوٹنے والوں کے چہروں سے احتساب کا خوف عیاں ہے‘پہلی بار عمران خان کی صورت میں ایسا وزیراعظم آیا جس کا اپنا یا خاندان کا کوئی کارروبار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے خاندان کے اثاثوں میں ’’ٹی ٹیز‘‘ کے ذریعی800 گنا اضافہ ہوا‘ شریف خا ندان ملک میں جعل سازی کی سب سے بڑی فاؤنڈری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کو آبائی حلقے مری کے عوام نے مسترد کردیا تھا‘ شاہد خاقان عباسی کو شریف خاندان نے بھیک میں قومی اسمبلی کی نشست دی۔