حکومت کرونا وائرس کے پھیلائو کے چیلنجز سے پوری طرح آگاہ ہے،

ڈاکٹر ز اور طبی عملہ کی صحت کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے،ڈاکٹر مصطفی بشیر

بدھ 3 جون 2020 22:03

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر بہبود آبادی ، انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیوٹا ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کہا ہے کہ حکومت کرونا وائرس کے پھیلائو کے چیلنجز سے پوری طرح آگاہ ہے۔ اس کی وجہ سے ہمارے ہیلتھ سسٹم پر بہت زیا دہ دبائو آیا ہے۔ ڈاکٹر ز اور طبی عملہ کی صحت کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

حکومت آزاد کشمیر بین الاقوامی اداروںاور سول سوسائٹی کے تعاون سے اس وباء کے پھیلائو کے خلاف ایک جامع اور دیر پا حکمت عملی بھی ترتیب دے رہی ہے۔ کرونا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے حکومت آزاد کشمیر نے تمام ممکنہ وسائل مختص کر رکھے ہیں۔ڈاکٹر زاور طبی عملہ فرنٹ لائن پر کرونا کا مقابلہ کر رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام -UNFPAپاکستان کے تعاون سے -Jhpiegoپاکستان -جو جان ہاپکن یونیورسٹی کا ذیلی ادارہ ہے کے اشتراک سے محکمہ صحت عامہ اور بہبود آبادی کے سینئر ڈاکٹرز کیلئے مظفرآباد میں’’ کرونا وائرس انفیکشن کی روک تھا م اور احتیاطی تدابیر ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ تین روزہ ورکشاپ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل سیکرٹری بہبود آبادی ، آزاد حکومت ریاست جموںوکشمیر راجہ محمدرزاق خان نے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس نے پوری دنیا کے معاشی و معاشرتی سیاسی و سماجی اور کلچر سسٹم کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اس وباء کے باعث جہاں ایک طرف ہمارا ہیلتھ سسٹم شدید دبائو میں آیا ہے۔ وہاں دوسری طرف کرونا وائرس ہمارے گورننس سسٹم کے علاوہ پالیسی ساز اور پالیسی پر عملدرآمد کروانے والوں کیلئے بھی ایک بڑے چیلنج کے طور پر سامنے آیا ہے۔

اگرچہ اس نئی صورتحال عام اور پرانے معمولات کو رواں رکھا جانا ممکن نہ ہے بلکہ اس کے برعکس اب ہمیں بین الاقوامی اچھی پریکٹس کو اپناتے ہوئے اس وبا کا خاتمہ کرنا ہے۔اور ہمیں مئوثر اصلاحات اپناتے ہوئی--’نیو نارمل‘ کی جانب گامزن ہونا ہے۔اس کیلئے ڈاکٹر صاحبان کو اپنے آپ کو محفوظ رکھتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کے مسیحا کے طور پر سامنے آنا ہے تا کہ اس مشکل حالات میں ہم اپنی عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دے سکیں۔

ورکشاپ میں ڈاکٹر فوزیہ اسد کنٹری ڈائریکٹر نے طبی شعبہ سے وابستہ افراد کو نئے چیلنجز میں تربیت کے اغراض و مقاصد کے علاوہ ساری دنیا میں کرونا سے نبرد آزما ہونے کیلئے اختیار کردہ احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر فوزیہ اسد نے حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے اُٹھائے گئے موثر اقدامات کو سراہتے ہوئے اپنے ادارہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔

ورکشاپ کا مقصد میڈیکل کے پیشہ سے منسلک افراد کو کرونا وائر س کی وباء سے اپنے آپ کو محفوظ بناتے ہوئے صحت کے شعبہ میںسروس ڈیلیوری میںنمایاں بہتری لانا ہے۔تربیت میں شریک ڈاکٹرزنے اس تربیت کو نہایت ہی فائدہ مند قرار دیتے ہوئے اس ورکشاپ کو ہیلتھ کے شعبہ میں سروس ڈیلیوری میں بہتری لانے کیلئے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ ورکشاپ کے اختتام پر سیکرٹری بہبود آبادی نے شرکاء کورس کو سرٹیفکیٹ دیئے۔