تحریک انصاف عوام کی بلا تفریق خدمت پر یقین رکھتی ہے،چوہدری منور علی گل

بدھ 24 جون 2020 16:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماو سابق ایم پی اے چوہدری منور علی گل نے کہا ہے کہ این اے 74 پسرور کے لیے ترقیاتی فنڈز کے اجراء پر وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میںانہوں نے کہاکہ تحریک انصاف عوام کی بلا تفریق خدمت پر یقین رکھتی ہے،حلقے کے مسائل کے حل ہونے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا ،علاقے کی خوشحالی ہی میری پہلی ترجیح ہے ،عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کی خدمت جاری رکھیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت تمام وسائل عام آدمی کی فلاح بہبود پر خرچ کر رہی ہے،پی ٹی آئی کی حکومت کو عام آدمی کی مشکلات کا ادراک ہے ،حکومت کی تمام پالیسیوں کا محور اور مرکز غریب اور عام آدمی ہے ، پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ کسی وزیراعظم نے ایک کروڑ بیس لاکھ خاندانوں کی براہ راست مالی مدد کی ہے ،ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے عوام کے مسائل حل نہیں کئے، دونوں جماعتوں نے تمام پالیسیاں اپنی ذاتی مفادات کیلئے بنائی رکھی ۔انہوں نے مزید کہاکہ نام نہاد اپوزیشن نے خالی نعرے لگا کر کورونا پر صرف سیاست کی ہے، یہ وقت سیاست کا نہیں عوام کی خدمت کا ہے۔