اسٹاک ایکس چینج حملہ پاکستان کے معاشی اعصابی نظام کو مفلوج کرنے کی گہری سازش تھی، سید مصطفی کمال

گزشتہ دنوں پریس کانفرنس کر ذریعے قوم کو آگاہ کر دیا تھا کہ تین موجودہ عوامل بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹوں کو آکسیجن فراہم کررہے ہیں،چیئرمین پی ایس پی

پیر 29 جون 2020 22:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2020ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کی جانب سے حملے کی کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کا واقعہ نا صرف ملک کو بدنام کرنے کی سازش ہے بلکہ پاکستان کے معاشی اعصابی نظام کو مفلوج کرنے کی گہری سازش تھی، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں کراچی، گھوٹکی اور لاڑکانہ میں دستی بم حملوں کے نتیجے میں رینجرز کے جوانوں کی شہادت اور آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر ہونے والا حملہ ایک ہی سلسلے کی کڑی ہیں۔

ہم نے گزشتہ دنوں پریس کانفرنس کر ذریعے قوم کو آگاہ کر دیا تھا کہ تین موجودہ عوامل بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹوں کو آکسیجن فراہم کررہے ہیں، اب چونکہ کراچی کے نوجوانوں نے را کے ایجنٹ الطاف حسین کی باتیں ماننا چھوڑ دی ہیں لحاظہ اب الطاف حسین سندھو دیش اور بی ایل اے کی کمان سنبھال کر دہشتگردی کروا رہا ہے۔

(جاری ہے)

جب تک ان تینوں عوامل کو ختم نہیں کیا جائے گا تب تک پاکستان میں امن کا قیام ناممکن ہے۔

قوم ایسے بزدلانہ حملوں سے ڈرنے والی نہیں ہے، ہم سیکورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے بروقت کاروائی کرکہ نا صرف عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا بلکہ بین الاقوامی طور پر پاکستان کی ساکھ کو مجروح ہونے سے بھی بچایا۔ پی ایس پی سیکورٹی اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، پاک سر زمین پارٹی پاکستان کے دشمنوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے، ہم نے بڑی قربانیاں دے کر را کی جڑوں کو کراچی سے اکھاڑ پھینکا تھا، جب تک پی ایس پی موجود ہے ملک دشمن اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔

سندھ پولیس کے اہلکاروں پر پوری قوم کو فخر ہے، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بروقت کاروائی قابل ستائش ہے اور واقعے میں شہدا کے لواحقین اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں