دہشتگردوں کو مقامی طور پر لاجسٹک سپورٹ ملی

دہشت گردوں کا مقصد اسٹاک ایکسچینج میں داخل ہوکر لوگوں کو یرغمال بنانا تھا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 30 جون 2020 10:52

دہشتگردوں کو مقامی طور پر لاجسٹک سپورٹ ملی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جون2020ء) کراچی میں سٹاک ایکسچینج پر حملے کی تفتیش کرنے والے حکام کا کہنا ہے کہ لگتا ہے دہشتگردوں کو مقامی طور پر لاجسٹک سپورٹ ملی۔ان کے پاس سے اسلحہ اور کھانا ملا جس میں نیٹو سپلائی کے چالیس رشین رائفل گرینیڈ،متعدد دستی بم ،گولیوں سمیت 6شولڈر بیگز اور چنے کی چار پیکٹس ملے۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی تنظیم کی دوسری بار دہشتگردی کی بڑی کاروائی ناکام بنائی گئی ہے۔

اس سے قبل چینی قونصلیٹ پر حملے کی کوشش بھی ناکام بنائی گئی تھی لیکن اس بار مقامی بطور پر لاجسٹک سپورٹ فراہم کی گئی تھی یہ سپورٹ ایسی گھٹھ جوڑ کا حصہ ہو سکتی ہے جس میں کراچی اور سندھ میں حالیہ دہشت گردی کی گئی۔حکام نے مزید کہا کہ دہشت گرد شہر میں کب اور کہاں سے آئے۔

(جاری ہے)

فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا۔تاہم لگتا ہے دہشت گردوں کا مقصد اسٹاک ایکسچینج میں داخل ہوکر لوگوں کو یرغمال بنانا تھا کیونکہ دہشت گردوں سے نیٹو سپلائی کے کے چالیس رشین رائفل گرینیڈ،امریکن 25 ہینڈ گرنیڈ،چار سب مشین گنز،15 لوڈڈ،3 تباہ میگزین اور 40 گولیاں،سب مشین گنز کے گولیوں کے 26 پیکٹس ملے۔

ایک پیکٹ میں 25 سے 49 گولیاں ہوتی ہیں۔اس کے علاؤہ چلے ہوئے سب مشین گن کے 307 خول ، پٹرول کی 3 بوتلیں ملیں۔تفتیشی حکام کے مطابق اسٹاک ایکسچینج پر حملے میں استعمال گاڑی چار روز قبل پرانی سبزی منڈی شوروم سے نقد رقم پر سلمان حمل عرف نوتک نے اپنے شناختی کارڈ پر خریدی۔شو روم مالک نے بینک سے لیز گاڑی بغیر ٹرانسفر کرانے بیچنے سے انکار کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ پیر کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں داخلی دروازے پر ڈیوٹی پر موجود کراچی پولیس کا سب انسپکٹر شاہد دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوگیا جبکہ تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

حملہ آور دہشت گردوں کیخلاف پولیس کی بروقت کاروائی سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں موجود تمام عملہ اور عمارت بڑی تباہی سے محفوظ رہی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ حملہ آور دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ اور دستی بم حملے میں چار سیکورٹی گارڈ اور ایک شہری بھی شہید ہوا ہے۔ جوابی کاروائی میں تمام دہشت گردو بھی مارے گئے۔ پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کے پاس موجود جدید اسلحہ ہینڈ گرینڈ، بارود اور دیگر اشیاء کو بھی قبضے میں لے لیا گیا۔