بھارت میں کورونا وائرس سے 17ہزار ہلاک ، 18 ہزارسے زیادہ نئے کیسز کا اضافہ،

جنوبی ریاستوں تامل ناڈو اور مہاراشٹر میں دوبارہ ایک ماہ کے لاک ڈاؤن کا اعلان

منگل 30 جون 2020 11:14

بھارت میں کورونا وائرس سے 17ہزار ہلاک ، 18 ہزارسے زیادہ نئے کیسز کا اضافہ،
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2020ء) بھارت میں مہلک کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 17ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ منگل کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوروناکے 18 ہزارسے زیادہ نئے کیسز کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، کورونا مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ملک کی جنوبی ریاستوں تامل ناڈو اور مہاراشٹر نی31 جولائی تک دوبارہ لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔

بھارت کی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا متاثرین کی مجوعی تعداد 5 لاکھ 67 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جس میں کوروناوائرس کے 18522نئے کیسز بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے فعال متاثرین کی تعداد 215361 ہے۔ بھارت کی مختلف ریاستوں میںکورونا سے اب تک مجموعی طور پر 567536 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ مصدقہ ہلاکتوں کی تعداد 16904سے زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے بھارت کی مزید دو ریاستوں نے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ اگرچہ بھارت لاک ڈاؤن کھولنے کے دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے تاہم دو ریاستوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایک مرتبہ پھر لاک ڈاؤن کریں گی۔ جنوبی ریاستوں تامل ناڈو اور مہاراشٹر کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ 31 جولائی تک کے لیے دوبارہ لاک ڈاؤن کریں گے۔

اس سے قبل آسام، ناگالینڈ، جھارکھنڈ اور مغربی بنگال کی ریاستیں لاک ڈاؤن کا اعلان کرچکی ہیں۔ بھارت میں کورونا متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران ملک میں کورونا کے ایک لاکھ نئے متاثرین سامنے آئے ہیں۔ بھارت میں کورونا وائرس کے متاثرین کی کٴْل تعداد پانچ لاکھ 67 ہزار سے زائد ہے جبکہ ملک میں اب تک کم از کم 17 ہزار افراد اس مہلک وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔