شہید برہان وانی تحریک آزادی کی علامت اور حریت پسندوں کیلئے روشن مثال ہیں،وزیر اعظم آزادکشمیر

منگل 7 جولائی 2020 23:52

مظفر آباد/اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2020ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ شہید برہان وانی تحریک آزادی کی علامت اور حریت پسندوں کیلئے روشن مثال ہیں ۔ برہان وانی کے راہ حق کے لیے چھوڑے ہوئے نقوش کبھی بھی مٹ نہیں سکتے۔ان کی جلائی ہوئی شمع ہمیشہ برقرار رہے گی۔

ریاست کا بچہ بچہ برہان وانی ہے۔برہان وانی اور ان کے ساتھی اپنے خون سے تحریک آزادی کو ایک نئی طاقت بخش گئے ۔شہید برہان اور ان کے ساتھیوں نے جس مقدس مقصد کیلئے جام شہادت نوش کیا اس کی تکمیل کیلئے کشمیری ہمہ وقت روبہ عمل ہیں۔ برہان وانی اور ان کے ساتھیوں کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں ۔ کشمیری نہ جھکے ہیں نہ جھکیں گے ان کی جدوجہد جاری رہے گی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے تحریک آزادی کشمیر کے نامور سپوت شہید برہان مظفروانی کی برسی کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ شہید برہان وانی نے ایثار کی ایک عظیم الشان مثال قائم کی ۔ شہید برہان ہمیشہ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔انہوں نے اپنی مختصر زندگی میں تحریک آزادی کے لئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔

وزیر اعظم نے کہاکہ برہان وانی کے شہادت نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ۔ بھارت برہان وانی کو شہید کر کے سمجھ رہا تھا کہ تحریک آزادی دب جائے گی لیکن برہان کی شہادت کے بعد تحریک آزادی میں ایک نیا جوش اور ولولہ آیا جس نے بھارت کے تمام تر اوچھے ہتھکنڈوں اور مکروہ چالوں کو ناکام بنا دیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ برہان کشمیر کا ہیرو ہے ،تحریک آزادی کشمیر میں ایک لاکھ کشمیری بچوں عورتوں ،بزرگوں نے جان قربان کر دی لیکن ان کے جذبے کو ہندوستانی فوج شکست نہیںدے سکی۔

بھارت نے گزشتہ سال اگست سے کشمیریوں کو محصور کیا ہوا ہے اور انہیں بدترین مظالم کا نشانہ بنارہا ہے لیکن کشمیریوں کے جذبہ حریت میں کمی نہیں لا سکا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک مذموم ایجنڈے کے تحت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کیلئے مقبوضہ علاقے میں باہر سے ہندوئوں کو لا کر آباد کررہا ہے ۔ اس پر دنیا کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ حریت قیادت سمیت جیلوں میں جو لوگ قید ہیں تمام مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ وہ اپنی اس جدوجہد میں اکیلے نہیں پاکستان ،گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے عوام ان کی پشت پر ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ برہان وانی کشمیر کا بیٹا ہے اس کی شہادت رنگ لاے گی اور کشمیر کو ہندوستان چھوڑنا پڑے گا وہ وقت زیادہ دور نہیں، تحریک آزادی کشمیر کے لیے کشمیریوں نے قربانیوں کی لازوال داستانیں رقم کی ہیں وہ قابض افواج کے انخلا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔