ہمیں کورونا وائرس کی حقیقت کے ساتھ اپنی زندگیوں کو ڈھالنا ہوگا ،ڈاکٹر بشریٰ شمس

احتیاطی تدابیر اختیار کرکے خود کو اور معاشرے کو کورونا سے محفوظ رکھنا ہو گا،معاشرے کے ہر فرد کو انفرادی طور پر یہ ذمہ داری نبھانے کی ضرورت ہے ،پروونشل پروگرام مینیجر فوکل پرسن کووڈ 19 کنٹرول روم مظفرآباد

پیر 20 جولائی 2020 10:01

باغ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2020ء) پروونشل پروگرام مینیجر(ای پی آئی) فوکل پرسن کووڈ 19 کنٹرول روم مظفرآباد ڈاکٹر بشریٰ شمس نے کہا کہ ہمیں کورونا وائرس کی حقیقت کے ساتھ اپنی زندگیوں کو ڈھالنا ہوگا اور احتیاطی تدابیر اختیار کرکے خود کو اور معاشرے کو کورونا سے محفوظ رکھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ہر فرد کو انفرادی طور پر یہ ذمہ داری نبھانے کی ضرورت ہے تا کہ اجتماعی طور پر ہمارا معاشرہ کورونا کی وباء سے محفوظ ہو سکے۔

ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر بشری شمس نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس باغ کے زیر اہتمام کورونا وائرس کے متعلق میڈیا ورکرز کی آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا،کرونا وائرس آگاہی سیشن سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر منظور، یونیسیف کنسلٹنٹ میڈم سدرة العین نے بھی خطاب کیا، پروونشل پروگرام مینیجر(ای پی آئی) ڈاکٹر بشریٰ شمس نے کہا کہ ہمیں پانچ بنیادی اصولوں کے ساتھ زندگی ڈھالنے کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

سب سے پہلے سماجی فاصلوں کو برقرار رکھنا ہوگا۔ صابن اور سینیٹائزرز کا باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنا ہو گا۔ متأثرہ افراد کو آئسولیٹ کرنا ہو گا۔ ماسک کے استعمال کو ناگزیر بنانا ہو گا اور احتیاطی تدابیر کو ہر صورت اپنانا ہو گا۔ انہوں نے میڈیا ورکرز کو کورونا وائرس کے خلاف آگاہی مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے افواہ سازی اور بغیر تحقیق کے غیر مستند معلومات کی اشاعت سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔

ڈاکٹر بشریٰ شمس نے متعدی مرض کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے فرنٹ لائن ورکرز ڈاکٹرز،نرسنگ و پیرامیڈیکل سٹاف،لیڈیز ہیلتھ ورکرز،میڈیا ورکرز،پولیس انتظامیہ اور تمام سٹیک ہولڈرز کے کردار کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔یونیسیف کی کنسلٹنٹ سدرة العین نے میڈیا ورکرز کو کورونا وائرس کے متعلق تفصیلی طور پر معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے معاشرے کے ہر فرد کو میڈیا کے ذریعے کورونا وائرس کے متعلق درست اور مستند معلومات حاصل کر کے معاشرے کے تمام افراد تک فراہم کرنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتہائی اہم بات یہ ہے کہ میڈیا ورکرز نے کورونا وائرس کی حقیقت کو تسلیم کرنے کیلئے لوگوں میں آگاہی لانی ہے تا کہ لوگ بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ مالی مسائل اور افرادی قوت کی کمی کے باوجود کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے فرنٹ لائن ورکرز،ڈاکٹرز،نرسنگ،پیرامیڈیکل سٹاف، خصوصا پولیس فورس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر باغ ڈاکٹر منظور نے باغ میں کورونا وائرس سے متعلق تازہ ترین صورتحال کے بارے میں ڈاکٹر بشریٰ شمس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر بشریٰ شمس نے آر ایم سی ریڑہ کا بھی تفصیلی معائنہ کیا اس موقع پر انکے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر منظور، ڈپٹی ڈائرکٹر اورنگزیب مغل، یونیسیف کنسلٹنٹ سدرة العین، سٹور آفیسر سید احسن شاہ اور میڈیا کوآرڈینیٹر ای پی آئی کاظم میر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :