عمان میں مقیم پاکستانیوں کی موجیں ہو گئیں

عمانی حکومت نے مملکت بھر میں عید الاضحی کی تعطیلات میں اضافے کا اعلان کر دیا، 4 کی بجائے 7 چھُٹیوں کاشاندار تحفہ مل گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 28 جولائی 2020 12:03

عمان میں مقیم پاکستانیوں کی موجیں ہو گئیں
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جولائی 2020ء) عمان میں مقیم تارکین وطن اور مقامی افراد کی اس بار اچھی خاصی موج ہو گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے اس بار عید الاضحی کے موقع پر تعطیلات میں اضافے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ چند روز قبل عمانی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ مملکت بھر میں عید الاضحی کے موقع پر 30 جولائی 2020ء (جمعرات) سے2 اگست (اتوار) تک چار تعطیلات ہوں گی۔

3اگست بروز سوموار تمام دفاتر اور کاروبار کھُل جائیں گے تاہم حکومت نے چھٹیوں سے متعلق اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے تعطیلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ نئے اعلان کے مطابق عید الاضحی کی تعطیلات مزید تین روز بڑھا دی گئی ہیں۔ عمانی فرمانروا سلطان ہیتم بن طارق نے حکم نامہ جاری کیا ہے کہ اس بار عوام اور تارکین کو عید الاضحی کے موقع پر 30 جولائی 2020ء (جمعرات) سے 5 اگست (بُدھ) تک سات تعطیلات ہوں گی۔

(جاری ہے)

6اگست کو سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین دفاتر میں ڈیوٹی دیں گے۔ اس اعلان پر تارکین وطن اور مقامی باشندوں کی جانب سے بہت خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ 25 جولائی سے عمانی ریاست میں مکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے جو 8 اگست 2020ء تک نافذ رہے گا۔۔ عمانی رائل پولیس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران ایک صوبے سے دوسرے صوبے کا سفر کرنے پر مکمل پابندی ہو گی۔

جو لوگ اس پابندی کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے، ان پر ایک سو عمانی ریال کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔دوسرے صوبوں میں کسی بھی قسم کی ٹرانسپورٹ لے کر جانے پر بھی یہ جرمانہ عائد ہو گا۔ البتہ لوگوں کو طبی معائنے اور علاج معالجے کی غرص سے دوسرے صوبوں میں جانے کی اجازت ہو گی۔ تاہم اس کے لیے ہسپتال کی جانب سے مریض کے چیک اپ سے متعلق دستاویزات دکھانا لازمی ہو گا۔

جس دوران شام 7 بجے سے صبح 6 بجے تک نقل حرکت پر پابندی ہو گی اور تمام عوامی مقامات اور کاروباری مراکز بند رہیں گے۔ وزیر صحت نے بتایا ہے کہ مملکت میں کورونا کی وبا گھریلو افراداور گھریلو مراکز میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ جو لوگ دوسرے صوبوں میں ملازمتیں کرتے ہیں، ان پر بھی سفر پر پابندی عائد ہو گی ۔ کیونکہ اگر لوگوں کو استثنیٰ دیا گیا توپھر لاک ڈاؤن کے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکیں گے اور کورونا کیسز پر قابو پانے میں کامیابی نہیں ہو سکے گی۔

لاک ڈاؤن کے دوران جو لوگ مملکت سے باہر جانے کے لیے مسقط ایئر پورٹ کا سفر کریں گے، انہیں چیک پوسٹوں پر تعینات پولیس کو مطمئن کرنے کے لیے سفری دستاویزات دکھانا لازمی ہوں گی، جن میں ٹکٹس بھی شامل ہے۔ اگر کوئی مسافر اکیلا وطن سے باہر جا رہا ہے تو وہ صرف ڈرائیور کے ساتھ ایئرپورٹ تک جا سکتا ہے، اس کے ساتھیوں کو اسے ایئرپورٹ تک رخصت کرنے کے لیے ساتھ جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔