دنیا بھر سمیت پاکستان و آزاد کشمیر میں بھی ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے منایا گیا

منگل 28 جولائی 2020 23:57

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2020ء) دنیا بھر سمیت پاکستان و آزاد کشمیر میں بھی ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے منایا گیا جس کی پروقار تقریب اور واک کا اہتمام ڈی ایچ او آفس مظفرآباد کے زیراہتمام منعقد کیا گیا، ڈی ایچ او آفس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی صحت عامہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہیپاٹائٹس ایک موذی مرض ہے جو انسانی زندگی کو دیمک کی طرح ختم کر دیتی ہے ، ہیپاٹائٹس سے ہر سال چھوٹے بچے اور بڑے کثیر تعداد میں اس بیماری کا شکار ہوجاتے ہیں اور اس سے آگاہی کے لئے محکمہ صحت عامہ اپنا بہترین کردار ادا کررہا ہے اور ہیپاٹائٹس سے آگاہی کے لئے آزاد کشمیر کے تمام ہسپتالوں میں بینرز اور پوسٹر نصب ہیں اور شہریوں کو اس سے آگاہی کے لئے ہر سال تقریب کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے اور اس کو دیہی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے لیڈی ہیلتھ ورکرز سے مدد لی جارہی ہے جس کے مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہیپاٹائٹس کا علاج ممکن ہے لیکن اگر یہ خطرناک صورتحال اختیار کر جائے تو اس مرض سے بچنا مشکل ہو جاتا ہے ، تقریب سے ڈی ایچ او سعید اعوان ، ڈرگ انسپکٹر فوزیہ اشرف نے بھی خطاب کرتے ہوئے ہیپاٹائٹس کے نقصانات اور اس سے آگاہی کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کیا ، تقریب کے اختتام پر ڈی ایچ او آفس سے ہیپاٹائٹس سے آگاہی کے لئے واک کا اہتمام کیا گیا، جس میں محکمہ صحت عامہ اور عام شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔