پنجاب یونیورسٹی کے سابق اسسٹنٹ رجسٹرار احمد علی چیمہ کو نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کر دیا

قتل کی یہ لرزہ خیز واردات مقتول سے دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہو سکتا ہے،پولیس نے تحقیقات شروع کردی

جمعہ 31 جولائی 2020 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 جولائی2020ء) عیدالاضحی سے ایک روز قبل پنجاب یونیورسٹی کے سابق اسسٹنٹ رجسٹرار اور سابق پروفیسر احمد علی چیمہ کو نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کر دیا، قتل کا یہ واقعہ جمعہ کے روز صبح سویرے اس وقت پیش آیا جب 65 سالہ مقتول احمد علی چیمہ مصطفی ٹائون میں واقع اپنی رہائش گاہ سے فارم ہائوس میں دودھ لینے جا رہے تھے کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے احمد علی چیمہ کو مصطفی ٹائون کی حدود میں گولیاں مار کر قتل کر دیا،ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

(جاری ہے)

پولیس نے لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی ہے جبکہ ملزمان کا سراغ لگانے کے لئے کارروائی شروع کر دی۔ بتایا گیا ہے کہ تھانہ مصطفی ٹائون پولیس نے مقتول کے بھائی کی درخواست پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ کے قریب نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں،ایس پی صدر غضنفر علی شاہ نے جائے وقوعہ کا دورہ کرتے ہوئے کہا ہے تحقیقات جاری ہیں، جلد ملزموں کو گرفتار کر لیں گے۔ان کا موقف ہے کہ قتل کی یہ لرزہ خیز واردات مقتول سے دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہو سکتا ہے۔