پونچھ میڈیکل کالج نارمل میزانیہ پر منتقل ہوچکا ہے، ڈاکٹر نجیب نقی خان

بدھ 12 اگست 2020 19:06

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2020ء) آزاد کشمیر کے وزیر صحت و خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی خان نے کہا ہے کہ پونچھ میڈیکل کالج نارمل میزانیہ پر منتقل ہوچکا ہے اوریہ کالج بہترین انداز میں چلایا جارہا ہے۔میڈیکل کالج کی کلینیکل ضروریات پوری کرنے اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے راولاکوٹ میں 200 بستر پر مشتمل ہسپتال زیر تعمیر ہے۔

پونچھ میڈیکل کالج کو مزید سہولیات سے آراستہ کیا جارہا ہے تاکہ اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جاسکے ۔ پونچھ میڈیکل کالج کو جدید میڈیکل کالجز کی صف میں شامل کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ راولاکوٹ ماڈل سائنس کالج بھی ایک بہترین ادارہ ہے جس کا شمار آزاد کشمیر کی بہتری درسگاہوں میں ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت راولاکوٹ میڈیکل کالج کی شفٹنگ کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔

ان اداروں کے خاتمہا کے حوالہ سے افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔ یہ ادارے ہمارے وقار کی علامت ہیں انکو مزید مستحکم کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پونچھ میڈیکل کالج اور راولاکوٹ ماڈل سائنس کالج کے حوالہ سے ایک مقامی اخبار میں شائع ہونے والی خبر پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا ۔ڈاکٹر نجیب نقی خان نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہسپتال راولاکوٹ کا منصوبہ پانچ سے چھ سال میں مکمل ہونا تھا لیکن حکومت نے اس کے فیز 2 اور 3 کو یکجا کرتے ہوئے جلد ازجلد تعمیر مکمل کرنے کی پالیسی اپنائی تا کہ ضلع کے عوام کو بہترین صحت کی سہولیات ملنے کے ساتھ میڈیکل کالج کے طلبہ و طالبات کو یہاں پریکٹس کا موقع مل سکے۔

پونچھ میڈیکل کالج کو حکومت فنڈز دے رہی ہے اسی لیے تمام ملازمین کو اب بروقت تنخواہوں کی ادائیگی بھی کی جارہی ہے۔ راولاکوٹ میڈیکل کالج دن بدن ایک مضبوط اور معیاری ادارہ بن رہا اس کو ختم کرنے یا ضم کرنے کا سوچا بھی نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ ماڈل سائنس کالج کی شفٹنگ بارے میری سربراہی میں کوئی کمیٹی نہیں بنائی گئی اور نہ ہی مجھے اس حوالہ سے کسی ایشو کا علم ہے۔

البتہ ٹائیں کالج کی خالی عمارت بارے فیصلہ کرنے کیلیے میری سربراہی میں کمیٹی بنائی گئی ہے جس پر کام ہورہا ہے اور اس عمارت کو آرمی کو تعلیمی درسگاہ کے لیے دینے سمیت مختلف تجاویز زیر غور ہیں جن پر ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ میڈیکل کالج مظفرآباد اور میرپور میڈیکل کالجز کی طرز پر قائم کیا گیا ہے اور تینوں میڈیکل کالجز کو مزید فنڈز دیے ہیں اور ان کو نارمل میزانیہ پر شفٹ کیا ہے تاکہ یہ ادارے احسن طریقے سے اپنا کام کر سکیں طلبہ طالبات کو کوالٹی میڈیکل ایجوکیشن فراہم کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اداروں کو مستحکم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر میڈیکل کالجز کے جملہ مسائل کے حل میں خصوصی توجہ دے رہے ہیں اوران کی ہدایت پر ہم نے میڈیکل کالجز کے بجٹ میں اضافہ سمیت انکے جملہ مسائل حل کیے ہیں ۔