قائد اعظم کی عظیم جدوجہد کے باعث آج ہم ایک آزاد قوم کی صورت میں پوری دنیا کے سامنے کھڑے ہیں، ہمیں اپنے وطن پر فخر ہے

یوم آزادی کے موقع پر گورنرسندھ عمران اسماعیل کا پیغام

جمعرات 13 اگست 2020 23:20

کراچی۔13 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2020ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ دنیا میں کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جو تاریخ بدلتے ہیں یا اس کی طاقت رکھتے ہیں اس سے بھی کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جو نیا ملک بناتے ہیں یا دنیا کا نقشہ بدلتے ہیں اور بہت ہی کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جو قوم تشکیل دیتے ہیں یا ایک قوم بناتے ہیں اور قائد اعظم محمد علی جناح نے یہ تینوں کام کئے، پاکستان کی تخلیق پر ہم قائد اعظم کا جتنا بھی احسان مانیں وہ کم ہے ان کی عظیم جدوجہد کے باعث ہی آج ہم ایک آزاد قوم کی صورت میں پوری دنیا کے سامنے کھڑے ہیں اور ہمیں اپنے وطن پر فخر ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ہے ۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ پاکستان آنے والے دنوں میں ایک مضبوط ، توانااور طاقتور ملک بن کر رہے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گذشتہ 2 برس کے دوران پاکستان مشکلات کا شکار رہا ہے کیونکہ ہمیں کمزور معیشت ملی لیکن وزیراعظم عمران خان نے اس معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے کئی اقدامات کئے جن کی بدولت آج پاکستان جہاں کھڑا ہے وہاں میں آپ کو خوشخبری دینا چاہتاہوں کہ آنے والا وقت بہت ہی اچھا ہے۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ پاکستان نے ٹیک آف کرنا شروع کردیا ہے یہ سب ایک دلیر لیڈر شپ کی وجہ سے ہی ممکن ہورہا ہے ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر کشمیری بھائیوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آپ ہمیشہ سے پاکستان کا حصہ ہیں ،پاکستان ہمیشہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور کشمیر کو اپنا حصہ سمجھتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیا نقشہ پاکستان کے ہر فرد کے دل کی آواز ہے ، انشااللہ بہت جلد یہ حقیقت کا روپ دھارے گا اور مقبوضہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہوگا ۔