سابق وزیر مملکت چوہدری شاہد اکرم بھنڈر نے مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کردیا

چوہدری شاہد اکرم بھنڈر گوجرانوالہ قدآور سیاسی شخصیت ہیں، چودھری برادران کی جانب سے ان کی شمولیت کا خیرمقدم

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 1 ستمبر 2020 17:14

سابق وزیر مملکت چوہدری شاہد اکرم بھنڈر نے مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر 2020ء ) سابق وزیر مملکت چوہدری شاہد اکرم بھنڈر نے مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کردیا، چوہدری شاہد اکرم بھنڈر گوجرانوالہ قدآور سیاسی شخصیت ہیں، چودھری برادران نے ان کی اور ان کے صاحبزادے چوہدری ولید اکرم کی شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کی قیادت اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے گوجرانوالہ کی سیاسی شخصیت سابق رکن قومی اسمبلی و وزیرمملکت چودھری شاہد اکرم بھنڈر نے اپنے صاحبزادے ولید اکرم کے ہمراہ ملاقات کی۔

ملاقات میں جنرل سیکرٹری پنجاب مسلم لیگ کامل علی آغا اور چودھری مونس الہٰی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ملک کی موجودہ اور مستقبل کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں چوہدری شاہد اکرم بھنڈر نے پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان کے صاحبزادے آزاد امیدوار حلقہ پی پی 59 چوہدری ولید اکرم بھی پاکستان مسلم لیگ میں شامل ہوگئے ہیں۔

چوہدری شاہد اکرم نے کہا کہ شجاعت حسین اور پرویزالہٰی کے ساتھ پرانے خاندانی مراسم ہیں۔ اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ محب وطن اورعوام کا درد رکھنے والوں کیلئے پارٹی کے دروازے کھلے ہیں۔ ملک کو اس وقت یکجہتی کی ضرورت ہے۔ اسی طرح گزشتہ روز بھی لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 132سے آزاد امیدوار چوہدری شبیر احمد نائب صدر پاکستان تحریک انصاف این اے 132 نے مسلم لیگ ہائوس میں مسلم لیگی رہنما طلحہ عثمان کے ہمراہ مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری سینیٹرکامل علی آغا سے ملاقات کی اور چوہدری شجاعت حسین؛ چوہدری پرویز الٰہی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔

انہوں نے اپنی شمولیت کے موقع پر کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی کے دور حکومت میں 1122جیسے بے شمار عوامی فلاحی منصوبے جاری ہوئے جن کی عوام آج بھی تعریف کرتے ہیں اور ان سے استفادہ حاصل کررہے ہیں عوام پرویز الٰہی صاحب کا دور دوبارہ دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ مسلم لیگ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی کی قیادت میں واحد جماعت ہے جو قائداعظم کے اصولوں پر چل کر پاکستان کی ترقی اور سلامتی کی ضامن ہے اس موقع پرسینٹر کامل علی آغا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ کے دروازے سب ساتھیوں کیلئے کھلے ہوئے ہیں ہم نئے شامل ہونے والوں کا فراخدلی سے استقبال کرینگے ان کی شمولیت سے مسلم لیگ فعال و مضبوط ہوگی ۔