پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی کی جانب سے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کا سلسلہ جاری

اتوار 13 ستمبر 2020 22:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2020ء) پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی کی جانب سے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔ اتوار کو پشاور زلمی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پہلے مرحلے میں خیبر پختونخواہ کے چار مقامات پر ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا۔ جمرود، پشاور، سوات اور صوابی میں ہونیوالے ٹرائلز میں تین سو سے زائد کرکٹرز شریک ہوئی. ٹرائلز کے دوران کورونا وائرس ایس او پیز کا بھی خاص خیال رکھا گیا۔

پشاور زلمی کے ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم اور اسپن کنسلٹنٹ ارشد خان نے چاروں مقانات پر ٹرائلز لیے۔ اگلے مرحلے میں (کل) منگل کو لاہور میں ٹرائلز کا انعقاد کیا جائیگا۔ اس کے بعد دیگر شہروں میں بھی ٹرائلز کے بعد شارٹ لسٹ کرکٹرز کے ناموں کا اعلان کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

سب سے باصلاحیت کرکٹرز کو پی ایس ایل چھ میں پشاور زلمی کی ایمرجنگ کٹیگری میں موقع دیا جائیگا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا اور لاک ڈاون کے دوران پشاور زلمی نے ایم جی پشاور زلمی کی ڈیجیٹل مہم کے زریعے نوجوان کرکٹرز کو ویڈیوز اپ لوڈ کرکے صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا تھا۔ موصول ہونیوالی ہزاروں ویڈٰیوز میں سے زلمی کرکٹ تھنک ٹینک نے شارٹ لسٹ کرنے کے بعد کورونا وائرس کی ایس او پیز کے تحت کرکٹ ٹرائلز منعقد کیے ہیں۔ پی ایس ایل چھ کے لیے پشاور زلمی کی ایمرجنگ کٹیگری کے لیے نوجوان کرکٹرز کی تلاش جاری ہے۔