بھارتی فورسز کی جانب سے ایل اوسی کی خلاف ورزیاں ، پاکستان کا بھارتی سفارتکار کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا

بھارت کی پے در پے اشتعال انگیزیاں خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، بھارت ان حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا، ترجمان

جمعہ 18 ستمبر 2020 13:20

بھارتی فورسز کی جانب سے ایل اوسی کی خلاف ورزیاں ، پاکستان کا بھارتی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2020ء) بھارتی قابض فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی سنگین خلاف ورزیوں پر پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا ہے ۔پاکستان کا بھارت سے اشتعال انگیزیوں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے احتجاجی مراسلہ بھارتی سینئر سفارتکار کے حوالے کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فورسز نے 17 ستمبر کو ایل او سی کے تتہ پانی اور جندروٹ سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی، قابض بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 3 شہری شدید زخمی ہوئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق رواں برس بھارت نے ابتک فائر بندی انتظام کی 2280 خلاف ورزیاں کیں، بھارتی اشتعال انگیزیوں میں 18 معصوم شہری شہید اور 183 شدید زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کا معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، بھارتی فورسز مسلسل لائن آف کنٹرول، ورکنگ باونڈری پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ بھارت کی پے در پے اشتعال انگیزیاں خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، بھارت ان حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ پاکستان نے مطالبہ کیاکہ بھارت اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے، بھارت 2003ء کے جنگ بندی انتظام کی پاسداری کرے۔ ترجمان کے مطابق ہندوستان کا نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین، اقدار کے منافی ہے، اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو ایل او سی پر کام کرنے دیا جائے۔