اگر غلط کام کروں تو لوگ میری گاڑی کو پتھر ماریں ، وزیرداخلہ اعجازشاہ

میرے حلقے میں کوئی پولیس افسر غلط کام کرتا ہے تو اس کا میں ذمہ دار ہوں ، میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 18 ستمبر 2020 15:19

اگر غلط کام کروں تو لوگ میری گاڑی کو پتھر ماریں ، وزیرداخلہ اعجازشاہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 ستمبر2020ء) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا ایک دلچسپ بیان سامنے آگیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں سے کہتے ہیں اگر وہ غلط کام کریں تو ان کی گاڑی کو پتھر ماریں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق لاہور چیمبراینڈ کامرس میں پاسپورٹ آفس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر میرے حلقے ننکانہ صاحب میں کوئی پولیس افسر غلط کام کرتا ہے تو اس کا میں ذمہ دار ہوں اور میں لوگوں کو کہتا ہوں کہ میری گاڑی کو پتھر ماریں اگر غلط کام کروں ، درگاہوں سے پیسا ضرور لیں مگر بتائیں کہ وہ رقم کہاں خرچ کی ، منی لانڈرنگ کرنے والوں کے بارے میں سب جانتے ہیں ، جس کے گھر میں غربت ہے وہ منی لانڈرنگ کہاں سے کرے گا ، صرف نعروں سے ملک ٹھیک نہیں ہوگا ، احتساب کریں اور عوام ووٹ کے ذریعے سیاستدانوں کا احتساب کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ملک میں صنعتیں لگانے کی پالیسی پر عمل کیا جارہا ہے ، ٹیکس دینے اور لینے دونوں کے مسائل ہیں ، حکومت کتنے بیروزگاروں کو نوکریاں دے سکتی ہے، ایک ایک گاؤں میں 50 ، 60 پڑھے لکھے نوجوان موجود ہیں، نوکریاں اسی صورت ملیں گی جب کاروباری طبقہ صنعتیں لگائے گا۔ دوسری طرف وفاقی وزیرداخلہ بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ کے حلقے این اے 118 کی سیاست میں ایک اور دھماکے دار انٹری ہوئی ہے ، جہاں وزیرداخلہ کے مقابلے میں ایک اور بریگیڈیئر(ر)سردار آفتاب احمد خاں نے آئندہ قومی انتخابات میں این اے 118 ننکانہ صاحب سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ۔

بچیکی سے تعلق رکھنے والے ریٹائر بریگیڈئیر سردار آفتاب احمد خاں نے آئندہ قومی الیکشن میں این اے 118 سے پاکستان کی اہم سیاسی جماعت کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا گیا ۔ واضح رہے کہ ہیبریگیڈیئر(ر)سردار آفتاب احمد خاں پنجاب رینجرز ، آئی ایس آئی اور افواج پاکستان میں اہم ذمہ داریاں نبھاچکے ہیں وہ آئی ایس آئی کے ایک بہادر فوجی افسر کے طور پر جانے جاتے ہیں انکے مرحوم والد افواج پاکستان سے میجر کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے جبکہ ان کے دادا قیام پاکستان سے قبل فوج میں کرنل کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے۔