اکتوبر میں ہونے والا ایف اے ٹی ایف کا جائزہ اجلاس پاکستان کے لیے اچھا ثابت ہو گا

پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اہداف پورے کرنے کیلئے بہتر کارکردگی دکھائی ہے: پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جنگ

muhammad ali محمد علی جمعہ 18 ستمبر 2020 23:18

اکتوبر میں ہونے والا ایف اے ٹی ایف کا جائزہ اجلاس پاکستان کے لیے اچھا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 ستمبر2020ء) پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جنگ کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں ہونے والا ایف اے ٹی ایف کا جائزہ اجلاس پاکستان کے لیے اچھا ثابت ہو گا، پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اہداف پورے کرنے کیلئے بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔ تفصیلات کے مطابق 2 روز قبل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران ایف اے ٹی ایف کی لیک لسٹ سے بچنے کیلئے حکومت اہم قانون سازی کرنے میں کامیاب ہوگئی تھی۔

حکومت مشترکہ اجلاس کے دوران ایف اے ٹی ایف سے متعلق 3 اہم ترین بلوں سمیت کل 8 بلز منظور کروانے میں کامیاب ہوئی۔ اس کامیابی کے حوالے سے حکومتی وزراء نے دعوٰی کیا کہ اب پاکستان ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ سے بچ جائے گا، جبکہ گرے لسٹ سے بھی نکل جانے کے امکان ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر کی جانب سے بھی اہم بیان جاری کیا گیا ہے۔

چین کے سفیر یاؤ جنگ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی جانب سے دیے گئے اہداف پر پاکستان نے بہتر کام کیا ہے۔ اکتوبر میں ہونے والا ایف اے ٹی ایف کا جائزہ اجلاس پاکستان کے لیے اچھا ثابت ہو گا۔ چینی سفیر کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان اور چین دوست اور برادر ملک ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں مثالی تعلقات اور تعاون کا سلسلہ جاری ہے۔

علاقائی ترقی کے لئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون مستقبل میں مزید مضبوط ہو گا۔ واضح رہے کہ ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان کو کل 28 ٹاسک دیے گئے تھے جن پر عمدرآمد کی رپورٹ اکتوبر میں شیڈول اجلاس کے دوران پیش کرنا ہوگی۔ پاکستان کا موقف ہے کہ بھارت ہمیں بلیک لسٹ میں دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی شرائط پر عمل کیا ہے اور اب مثبت فیصلے کی امید ہے۔