اسلام آباد ہائی کورٹ :مراد سعید کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

پیر 21 ستمبر 2020 21:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2020ء) اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس میاں گل اورنگزیب کی عدالت نے نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کی درخواست پر وزیر مواصلات مراد سعید کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل عارف چودھری نے عدالت کو بتایا کہ عدالت نے نیشنل ہائی ویز سیفٹی آرڈیننس 2000 پر مکمل عمل درآمد کا حکم دیا تھا عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔

توہین عدالت کی کارروائی کی جائے جس پر جسٹس میاں گل اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ وہ فیصلہ میرا فیصلہ تھا۔ اس لیے مناسب ہے کہ یہ درخواست کوئی اور بنچ سنے ۔اس موقع پر وکیل صفائی عارف چودھری نے عدالت کو بتایا کہ آپ کا فیصلہ ہے توہین عدالت کی درخواست بھی آپ نے ہی سننی ہے۔

(جاری ہے)

ایکسل لوڈ قانون پر عمل درآمد نہ ہونے سے قومی شاہراہوں کو نقصان پہنچ رہا ہے اس پر جسٹس میاں گل اورنگزیب نے استفسار کیا کہ کیا عدالت کا فیصلہ برقرار ہے کہیں چیلنج یا معطل تو نہیں ہوا جس پر عارف چودھری نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی فیصلہ موجود ہے جس پر عمل درآمد نہیں کیا گیاتوہین عدالت درخواست میں سیکرٹری مواصلات، چیئرمین این ایچ اے اور آئی جی موٹر ویز بھی فریق بنایا گیا ہے ۔

عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ یاد رہے کہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے جنوری 2020 میں 14 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا تھاعدالت نے ہائی وے سیفٹی آرڈیننس اور ایکسل لوڈ قوانین پر مکمل عملدرآمد کا حکم دیا تھا۔ راجہ بشارت۔