سی پیک سے خطہ بھر کو فائدہ بارے صدر عارف علوی کے بیان کو سراہتے ہیں، چین

منگل 22 ستمبر 2020 13:53

سی پیک سے خطہ بھر کو فائدہ بارے صدر عارف علوی کے بیان کو سراہتے ہیں، ..
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2020ء) چین نے صدر ڈاکٹر عارف علوی کے اس بیان کو سراہا ہے جس میں انہوں نے افغانستان اور وسطی ایشیا کے علاقائی مفادات کو فروغ دینے میں پاک چائنہ اقتصادی راہداری کی اہمیت کا ذکر کیا تھا۔ بیجنگ میں وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے ایک سوال کے جواب میں اے پی پی کو بتایاکہ جس طرح صدر علوی نے نشاندہی کی ہیکہ سی پیک میں نہ صرف چین اور پاکستان کے عوام کامفاد ہے بلکہ اس سے علاقائی ترقی کی راہیں بھی کھلیں گی اور خطے کے تمام ممالک میں معاشی تعاون کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا اہم پائلٹ پروگرام ہے جو پاک چین تعاون کی نمایاں علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چھ سال قبل شروع کئے گئے پروجیکٹس میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے اور 25 بلین ڈالر سے زائد کی براہ راست سرمایہ کاری پاکستان آرہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پایہ تکمیل تک پہنچنے والے منصوبوں کے نتیجے میں پاکستان میں نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے اور بجلی کی فراہمی میں بہتری آئی جبکہ روزگار کے 70 ہزار مواقع پیداہوئے ،مجموعی قومی آمدنی میں ایک سے دو فیصد سالانہ اضافہ دیکھا گیا جبکہ معاشرتی اقتصادی ترقی اور عوام کی بہبود کو فروغ ملا ۔

انہوں نے کہا کہ چین سی پیک کی ترقی کی پُرزورحمایت کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی قیادت کے فیصلے کے تحت بنیادی ڈھانچے کے فروغ ، سماجی بہبود اور صنعتی و زرعی تعاون کی بنیاد پر پاکستان سے مل کر کام کرنے کے لئے پرعزم ہیں تاکہ سی پیک کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی ترقی کے ایک عملی منصوبے میں تبدیل کر دیا جائے اور اس کے فوائد نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے تک پہنچیں۔ واضح رہے کہ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے ترکمن ہم منصب گربنگولی بردی محمدوف کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں کہا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری علاقائی روابط کو فروغ دے گی ،خصوصاً افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالککو اس کی سڑک اور ریلوے کے بنیادی ڈھانچے سے فائدہ ہوگا۔