پنجاب میں کورونا وباء کے باعث بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ

پنجاب میں دوحلقوں میں ضمنی انتخابات بھی ملتوی کردیے جائیں گے، ستمبر کے بعد 6 ہفتوں کی رپورٹ میں کورونا کیسز کا جائزہ لے کرانتخابات کا فیصلہ کریں گے۔ ذرائع سول سیکرٹریٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 22 ستمبر 2020 19:23

پنجاب میں کورونا وباء کے باعث بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر2020ء) پنجاب میں کورونا وباء کے باعث بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، پنجاب میں دوحلقوں میں ضمنی انتخابات بھی ملتوی کردیے جائیں گے، ستمبر کے بعد 6 ہفتوں کی رپورٹ میں کورونا کیسز کا جائزہ لے کرانتخابات کا فیصلہ کریں گے۔ ذرائع سول سیکرٹریٹ کے مطابق پنجاب کے دو حلقوں میں ضمنی انتخابات کے ساتھ صوبے میں بلدیاتی انتخابات بھی ملتوی کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے دونوں حلقوں میں ضمنی الیکشن کے شیڈول کیلئے پنجاب حکومت کو خط لکھا تھا۔ ستمبر کے بعد 6 ہفتوں کی رپورٹ میں کورونا کیسز کا جائزہ لے کرانتخابات کا فیصلہ کریں گے۔ سول سیکرٹریٹ نے پی پی 51 اور این اے 75 کے الیکشن بھی ملتوی کر نے کی سفارشات کردی ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وفاقی وزراء نے کہا ہے کہ سکول کھولنے کے بعد کورونا کیسز کی تعداد میں کوئی فرق نہیں آیا۔

 پنجاب میں کورونا کیسز کی شرح میں کمی ہوئی ہے۔ جس کے باعث دوسرے مرحلے کے تحت کل 23 ستمبر سے چھٹی تا آٹھویں کیلئے سکول کھولنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ کورونا وباء کے باعث 6ماہ تعلیمی ادارے بند رہے، لیکن اب کورونا کی صورتحال کنٹرول میں ہے۔ صوبوں کی مشاورت کے بعد سکول کھولنے کا فیصلہ کیا۔گزشتہ ایک ہفتے سے ایس اوپیز پر عمل اور کورونا پھیلاؤ کا جائزہ لیا گیا۔

کئی سکول اس لیے بند کیے کہ وہاں ایس اوپیز پر عمل نہیں کیا گیا۔اسی طرح 30 ستمبر کو پرائمری سکول کھولنے کی اجازت ہوگی۔ آج وفاقی اور صوبائی وزراء کی میٹنگ ہوئی، جس میں کورونا کیسز، پھیلاؤ کا جائزہ لیا۔ تمام صوبوں نے فیصلہ کیا کہ پنجاب، خیبرپختونخواہ، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کل سے چھٹی تا آٹھویں کلاسز شروع کردی جائیں گی۔

سندھ نے فیصلہ کیا کہ وہ ابھی دوسرے مرحلے میں سکول نہیں کھولیں گے، بلکہ ایک ہفتہ مزید نظرثانی کرنا چاہتے ہیں۔ معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ جب تعلیمی ادارے کھولنے کی حکمت عملی بنائی تو فیصلہ کیا گیا تھا کہ سکول بتدریج درجہ بدرجہ کھولیں گے۔ رینڈم ٹیسٹنگ جو کی ہے، اس کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ 14 ستمبر کوملک بھر میں599 کیسز تھے، 21 ستمبر623 ، 22 ستمبر کو 622 کیسز تھے، اس لیے سکول کھولنے کے بعد تعداد میں کوئی فرق نہیں آیا۔

21 ستمبر کو 1.9شرح تھی۔ پچھلے ایک ہفتے میں کیسز میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، اس لیے ہم اگلے مرحلے کو ملتوی نہیں کرسکتے ۔ اب ہم اگلے مرحلے میں بھی تعلیمی اداروں میں ٹیسٹ کریں گے۔ سرکاری تعلیمی اداروں میں 74 ہزار ٹیسٹ ہوئے ، نجی 19ہزار کے قریب ٹیسٹ کیے گئے۔والدین سے درخواست ہے ایس اوپیز پر عمل کروائیں، ماسک پہننے کو یقینی بنائیں۔