کراچی کے بعدپنجاب میں بھی فوڈ پانڈا کی ہٹ دھرمی کے خلاف بائیکاٹ شروع

لاہور ، اسلام آباد سمیت دیگر شہروں کے ریسٹورنٹس نے فوڈ پانڈا کی ڈیلیوری سروسز بند کردیں، نعیم صدیقی

بدھ 23 ستمبر 2020 17:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2020ء) آل پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن ( اپرا) کے فوڈ پانڈا کی ہٹ دھرمی اور اجارہ داری کے خلاف کراچی میں احتجاج کے بعددوسرے مرحلے میں پنجاب میںبھی احتجاج شروع کردیا گیا ہے اور لاہور، اسلام آباد سمیت دیگر شہروں کے ریسٹورنٹس بھی فوڈپانڈا کابائیکاٹ کرتے ہوئے اپرا کے احتجاج میں شامل ہوگئے ہیں۔

اپرا نے واضح طور پر کہا ہے کہ جب تک فوڈ پانڈا اپنی من مانیاں بند نہیں کرتا اس کی سروسز کا بائیکاٹ جاری رہے گا۔اپرا کے چیئرمین محمد نعیم صدیقی نے ایک بیان میںاس بات کی نشاندہی کی کہ فوڈ پانڈا نے اپنی سروسز کے بائیکاٹ کے بعدریسٹورنٹس ماکان پر مزید دباؤ بڑھانا شروع کردیا ہے اور دھمکی دی ہے کہ اگر 30فیصد کمیشن نہ دیا گیاتوفوڈ پانڈا کھانا ڈیلیور نہیں کرے گا ۔

(جاری ہے)

اپرا نے ریسٹورنٹس ماکان پر فوڈ پانڈا کی جانب سے 30فیصد کا خودساختہ کمیشن مسلط کرنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اسے مسابقتی کمیشن کے قوانین کے برخلاف قرار دیا ہے اور سی سی پی سے درخواست کی ہے کہ وہ فوڈ پانڈا کی اجارہ داری اور بلیک میلنگ کا خاتمے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ تمام فوڈ ڈیلیوری کمپنیوں کو مساوی کارروباری مواقع میسر آسکیں ۔

چیئرمین اپرا نے اسلام آباد ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن (آئی آر ای)، لاہور ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن (ایل آر ای)اورلاہور ریسٹورنٹ یونٹی ایسوسی ایشن کی مشاورت سے فوڈ پانڈا کی سروسز کی بحالی کو چندشرائط سے مشروط کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ریسٹورنٹس کو اپنے رائیڈرز کے ذریعے کھانے کی ڈیلیوری کی بے جا شرط ختم کی جائے اور تمام برانڈز کے لیے مساوی کمیشن رکھا جائے اور فوڈ پانڈا صارفین کی معلومات ریسٹورنٹس کے ساتھ شیئرکی جائیںجبکہ بار بارکمیشن بڑھانے کی دھمکیوں کا سلسلہ بھی بند کیا جائے۔

علاوہ ازیںیہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ ریسٹورنٹ کے ساتھ معاہدہ کرتے وقت کسی اور فوڈڈیلیوری کمپنی کی خدمات حاصل نہ کرنے کی شرط عائدنہ کی جائے جوکہ مسابقتی کمیشن آف پاکستان کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔