چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بحریہ یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کراچی میں ہیلتھ سائنسز کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھ دیا

بحریہ یونیورسٹی ڈینٹل کالج اینڈ ہاسپٹل کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے

بدھ 23 ستمبر 2020 18:16

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بحریہ یونیورسٹی میڈیکل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 ستمبر2020ء) بحریہ یونیورسٹی ڈینٹل کالج اینڈ ہاسپٹل کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں آمد پر ریکٹر بحریہ یونیورسٹی وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ)کلیم شوکت نے نیول چیف کا استقبال کیا۔
    قبل ازیں، مہمان خصوصی کو پراجیکٹ کی نمایاں خصوصیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

بحریہ یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کراچی میں ایک ہیلتھ سائنسز کمپلیکس کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جسے تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ تعمیر کے پہلے مرحلے میں بحریہ یونیورسٹی ڈینٹل کالج اینڈ ہاسپٹل قائم کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں پاکستان نیوی نرسنگ کالج اینڈ میڈیکل ٹریننگ اسکول اور تیسرے اور آخری مرحلے میں الائیڈ ہیلتھ سائنسز اینڈ کالج آف فزیکل تھیراپی کا قیام عمل میں آئے گا۔

(جاری ہے)


    معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے چیف آف دی نیول اسٹاف کے وڑن کے مطابق بحریہ یونیورسٹی ڈینٹل کالج اینڈ ہاسپٹل اورل ہیلتھ کئیر کی معیاری سہولیات اور مختلف شعبوں میں بین الشعبہ جاتی تحقیق کو فروغ دے گا۔ مزید برآں یہ کالج بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈینٹل پروفیشنلز ، پوسٹ گریجویٹس، اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی تربیت اور ان کی صلاحیتیں نکھارنے میں بھی معاون ثابت ہو گا۔
    تقریب میں ڈائریکٹر جنرل میڈیکل سروسز (نیوی) سرجن رئیر ایڈمرل قمر الحق نور، ڈائریکٹر جنرل بحریہ یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج رئیر ایڈمرل امتیاز احمد ،اعلیٰ نیول حکام اور کالج کے اساتذہ بھی شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :