کوئٹہ پریس کلب کی گولڈن جوبلی تقریب،

بلوچستان اسمبلی ، قومی اسمبلی میں بلوچستان کی سیٹوں کے اضافہ کے متعلق صوبے کی تمام سیاسی پارٹیوں کو اس ضمن میں ایک پیج پر مشترکہ موقف اپنانا ہوگا،ہماری رپورٹ کی سفارشات کی روشنی میں وفاقی حکومت جنوبی بلوچستان کے لئے خصوصی پیکیج کا جلد اعلان کرے گی ،ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی قاسم خان سوری

بدھ 23 ستمبر 2020 23:09

کوئٹہ۔23 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2020ء) ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی قاسم خان سوری نے بلوچستان اسمبلی اور قومی اسمبلی میں بلوچستان کی سیٹوں کے اضافے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کی تمام سیاسی پارٹیوں کو اس ضمن میں ایک پیج پر مشترکہ موقف اپنانا ہوگا۔ سینیٹ سے بلوچستان اسمبلی کی نشستوں میں اضافے کا بل منظور ہونے کے بعد جب قومی اسمبلی میں پیش ہو گا تو پاکستان تحریک انصاف اورہماری اتحادی کی جماعتیں اس کی حمایت کریں گی۔

کوئٹہ اورصوبے کے دورافتادہ علاقوں میںاپنے فرائض منصبی سرانجام دینے والے صحافیوں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، وفاقی وزراء اسد عمر اور زبیدہ جلال کے ہمراہ جنوبی بلوچستان کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے وہاں کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے وزیراعظم عمران خان کو رپورٹ پیش کی ہے۔

(جاری ہے)

ہماری رپورٹ کی سفارشات کی روشنی میں وفاقی حکومت جنوبی بلوچستان کے لئے خصوصی پیکیج کا جلد اعلان کرے گی۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب کے پچاس سال مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی تقریبا ت کے سلسلے میں منعقدہ مجلس مذاکرہ بعنوان قومی وبلوچستان اسمبلی کی نشستوںمیں اضافہ سے متعلق تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مجلس مذاکرہ سے کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضا الرحمن ، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری سردار رشید خان ناصر ، نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری جان بلیدی ، بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری شبیر احمد ، ہزارہ ڈیموکریٹ پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رکن صوبائی اسمبلی قادر نائل سابق میئر کوئٹہ اور مسلم لیگ کوئٹہ ڈویژن کے صدر رحیم کاکڑ سابق پراسیکیوٹر جنرل طارق محمود بٹ ، جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے مرکزی نائب امیر مولانا عبدالقادر لونی، جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت اللہ بلوچ ، بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر ناشناس لہڑی، بی این پی مینگل کے ٹکری شفقت لانگواور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ پریس کلب کی انتظامیہ کو اس طرح مجالس آگے قائم رکھنے کی روایت ڈالنی چاہیے، بلوچستان سے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں میںا ضافے کے متعلق کوئی تمام سیاسی پارٹیو ں کی کوئی دہرائے نہیں ہم سب کا متفقہ فیصلہ ہے کہ قومی اسمبلی اور بلوچستان اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ ہونا چاہیے تاکہ پارلیمنٹ میں صوبے بہتر انداز میں نمائندگی ہو سکے۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے دو سالہ دور میں قومی اسمبلی سے 54 بلز منظور کروائے ہیں، جن میں عورت کو جائیداد میں حصہ دینے ، منی لانڈرنگ کی روک تھام، زینب الرٹ بل اور انسانی حقوق کے متعلق دیگر بلز شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے مغربی روٹ کے ٹینڈر ژوب تاکچلاک ہو چکے ہیں اور جلد ہی اس اہم شاہراہ کی تعمیر شروع کر دی جائے گی۔

قاسم خان سوری نے کوئٹہ پریس کلب کے پچاس سال مکمل ہونے پر صدر پریس کلب اور تمام عہدیداران وممبران کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر ہمیںبلوچستان کے گزشتہ بیس سال کے دوران اپنے فرائض منصبی کے دوران جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے صحافیوں اور ان کے خاندانوں کو نہیں بھولنا چاہیے ، قومی اسمبلی میں اپنے حلقہ انتخاب کوئٹہ سمیت صوبے بھر کے مسائل کا مقدمہ بھرپور انداز میںلڑ رہا ہوں۔

گوادر میں باہر سے آنے والے لوگوں کو آباد کرنے اور انہیں ووٹ کا حق دینے کے متعلق بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ رکن قومی اسمبلی سردار اختر جان مینگل نے بل قومی اسمبلی میں پیش کیا ہے جو کہ اس وقت متعلقہ قائمہ کمیٹی کے پاس چلا گیا ہے ،قائمہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں وفاقی حکومت گوادر اور بلوچستان کے لوگوں کے خدشات دور کرنے کے لئے ضرور قانونی سازی کرے گی۔

انہوںنے کہا کہ بلوچستان سے قومی اسمبلی کی نشستیں کم ہونے وجہ سے اب تک ہمارے صوبے سے صرف ایک ہی وزیراعظم منتخب ہوا ہے ۔ چونکہ بلوچستان کے ایوان زریں میں نمائندوں کی تعدادباقی صوبوں کی نسبت کم ہے جو کہ مختلف پارٹیوں سے تعلق رکھتے ہیں اور ہر ایک کی اپنی سوچ اور پارٹی پالیسی ہے، آج کے مجلس مذاکرہ میں تمام پارٹیوں رہنماؤں نے جو تقاریر کی ہیں وہ میرے دل کی آواز ہے،میری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ بلوچستان کے لوگوں کی آواز بن کر قومی اسمبلی میں ان کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑ سکوں۔تقریب کے اختتام پر کوئٹہ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری ظفر بلوچ نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کو کوئٹہ پریس کلب کی گولڈن جوبلی تقریبات کا یادگار سونیئر پیش کیا۔