نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کیلئے میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان۔14امپائرز اور 6 ریفریز فرائض انجام دیں گے

جمعرات 24 ستمبر 2020 14:05

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کیلئے میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان۔14امپائرز اور 6 ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2020ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ 2020 کے لیے میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان کردیا ہے۔ تیس ستمبر سے ملتان میں شروع ہونے والے فرسٹ الیون ٹورنامنٹ میں پی سی بی کے ایلیٹ پینل میں شامل 14 امپائرز اور 6 میچ ریفریز ہی فرائض انجام دیں گے۔ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں ایک ایلیٹ امپائر کو اپنی قابلیت کا بھرپور مظاہرہ کرنے کے لیے کم از کم 9 جبکہ ایک میچ ریفری کو کم از کم 5 میچز دئیے گئے ہیں۔

تیس ستمبر سے اٹھارہ اکتوبر تک جاری رہنے والا نیشنل ٹی ٹونٹی کپ پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر ہوگا، ایونٹ میں تقریباًً 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔ایونٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن ناردرن اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔

(جاری ہے)

اس میچ میں آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں ضمیر حیدر اور فیصل خان آفریدی کے سپرد کی گئی ہیں جبکہ قیصر وحید کو تھرڈ امپائر اور آفتاب گیلانی کو فورتھ امپائرکی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔

اس میچ میں پلیئنگ کنڑول ٹیم کی سربراہی میچ ریفری اقبال شیخ کو دی گئی ہے۔ایونٹ کا فائنل 18 اکتوبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جہاں آئی سی سی کے انٹرنیشنل پینل آف امپائرز میں شامل احسن رضا اور آصف یعقوب بطور آن فیلڈ امپائرز ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ ایونٹ کے سب سے بڑے معرکے میں میچ ریفری کے فرائض آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف ریفریز میں شامل محمد جاوید ادا کریں گے۔

پی سی بی کے 6 رکنی ایلیٹ پینل برائے میچ ریفریز میں علی نقوی (لاہور)، افتخار احمد(کراچی)، محمد انیس (لاہور)، محمد اقبال شیخ (حیدرآباد)، ندیم ارشد (فیصل آباد)اور پروفیسر جاوید ملک (ملتان)شامل ہیں۔ پی سی بی کے 14 رکنی ایلیٹ پینل برائے امپائرزمیں احسن رضا (لاہور)، آفتاب حسین گیلانی (بہاولپور)، آصف یعقوب (اسلام آباد)، فیصل خان آفریدی (سرگودھا)، غفار کاظمی (لاہور)، عمران جاوید (کراچی)، ناصر حسین سینئر (لاہور)، قیصر وحید (لاہور)، راشد ریاض وقار (لاہور)، ثاقب خان (ایبٹ آباد)، شوزب رضا (لاہور)، سید امتیاز اقبال (کراچی)، ولید یعقوب اور ضمیر حیدر شامل ہیں۔