سیپا کی بھینس کالونی میں کارروائی ، بیٹریاں پگھلانے کا غیر قانونی کام بند کرادیا

جمعرات 24 ستمبر 2020 16:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2020ء) سندھ انوائرونمنٹل پروٹیکشن ایجنسی(سیپا)ضلع غربی کی ٹیم کی سرجانی پرانی بھینس کالونی کے علاقے میں بڑی کارروائی، بیٹریاں پگھلانے کا غیر قانونی کام بند کرادیا، بھٹیوں میں بیٹریاں پگھلا کر سیسہ نکالنے کا کام کیا جارہا تھا جو نہ صرف آلودگی کا باعث تھا بلکہ علاقے میں بیماریوں خصوصا انسانی پھیپھڑوں کے لئے انتہائی مضر تھا جمعرات کی علی الصبح کارروائی سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر ماحولیات بیرسٹر مرتضی وہاب کی ہدایت پر کی گئی۔

کامیاب کارروائی پر مشیر ماحولیات بیرسٹر مرتضی وہاب نے سیپا کی ٹیم جن میں انسپکٹر را ئوذیشان، فیصل ملک و دیگر کو شاباش دی اور انکی کارکردگی کو سراہا۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے شہر سے غیر قانونی کارخانوں اور انسانی جانوں کے دشمنوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے بھی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ کھلے آسمان تلے بھٹیوں میں بیٹریاں پگھلانا غیر قانونی عمل ہے جو ناقابل برادشت ہے انسانی صحت پر کوئی سودے بازی نہیں کی جاسکتی، آلودگی کا سبب بننے والے کارخانے ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کریں ورنہ انکے خلاف اسی قسم کی کارروائیاں کی جائینگی بیرسٹر مرتضی وہاب نے سیپا ضلع غربی کی ٹیم کی جانب سے سرجانی کے علاقے میں 100 غیر قانونی بھٹیاں بند کرانے پر انہیں سراہا۔

وارث علی گبول ڈپٹی ڈائریکٹر ضلع غربی و قائم مقام ڈائریکٹر سیپا کراچی نے بتایا کہ بھٹیوں میں بیٹریوں کو پگھلا کر سیسہ نکالا جارہا تھا کھلے آسمان تلے بیٹریاں جلانا ماحولیاتی آلودگی کا باعث بن رہا تھا بیٹریاں پگھلانے سے علاقے میں سیاہ دھواں بیماریوں کا سبب بھی بن رہا تھا انہوں نے کہا کہ محکمہ ماحولیات کی اجازت کے بغیر بیٹریاں غیر قانونی طور پر پگھلائی جارہی تھیں جنہیں فوری طور پر بند کردیا گیا ہے اور ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی وارث علی گبول نے کہا کہ ایسے گھناونے دھندوں میں علاقہ پولیس کی سرپرستی حاصل ہوتی ہے سیپا کی ٹیمیں ایسے غیر قانونی اور انسانی جانوں کے نقصان کا باعث بننے والے کارخانوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گی۔

مشیر ماحولیات سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب کی ہدایت پر غیر قانونی بھٹیوں کا صفایا کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :