جنوبی پنجاب کی صنعتوں کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔چیف ایگزیکٹو میپکو

جمعرات 24 ستمبر 2020 19:39

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2020ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر محسن رضا خان نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی صنعتوں کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔ صنعتیں ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں ان کی شکایات فوری طورپررفع کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر آف کامرس ملتان کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔

چیمبر آف کامرس کے وفد کی قیادت صدر شیخ فضل الہیٰ نے کی جس میں جنوبی پنجاب کی صنعتوں ، خصوصاًً آئل ملزکو درپیش مسائل سے آگاہ کیاگیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں انڈسٹریز کے جلنے اور خراب ہونے والے انڈی پینڈنٹ ٹرانسفارمرزکی عالمی معیار کے مطابق مرمت کے لئے ٹرانسفارمرز ری کلیمیشن ورکشاپس آپریشنل ہیں ۔

(جاری ہے)

صنعتی صارفین اپنے ٹرانسفارمرز مناسب قیمتوں پر میپکو کی ورکشاپس سے مرمت کروائیں انہیں ایک سال کی وارنٹی بھی دی جائے گی ۔وولٹیج کی کمی وبیشی، فیڈرز کی اوورلوڈنگ کے مسائل کے حل اور شکایات کے تدارک کے لئے آپریشن سرکلوں کے ڈپٹی ڈائریکٹرز ٹیکنیکل کو فوکل پرسن نامزد کردیاگیاہے ۔ صنعتکار اپنے مسائل کے فوری حل کے لئے آپریشن سرکلوں میں تعینات فوکل پرسن سے رابطہ میں رہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میپکو ریجن کے تمام سپریٹنڈنگ انجینئرز بجلی کی فراہمی میں تعطل آنے کی صورت میں چوبیس گھنٹے کے اندر اندر شکایات رفع کرنے کے احکامات دے دئیے گئے ہیں ۔ اس موقع پر چیئرمین آل پاکستان آئل ملز ایسوسی ایشن خواجہ محمد فاضل، جنرل منیجرز طارق محمود بٹر، سید احسن محی الدین، سید خالد علی چشتی، چیف انجینئرز عبدالرحیم سومرو، نوید انجم چیمہ، پراجیکٹ ڈائریکٹرکنسٹرکشن رانا محمد ایوب، پراجیکٹ ڈائریکٹر جی ایس سی سید جواد منصور، ڈائریکٹرکمرشل اسد حماد اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔