کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کیا جائے، زاہد اعوان

ہفتہ 26 ستمبر 2020 23:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2020ء) سینئر سیاسی و سماجی رہنماء حاجی زاہد اعوان نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے کراچی کی روشنیاں چھین کر شہر کو اندھیروں میں ڈبو دیا ہے، کے الیکٹرک گیس سے بجلی بنانے کے باوجود ہر ماہ تیل کی قیمتوں میں ردوبدل کا جواز بناکر اربوں روپے لوٹ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی لوٹ مار اور بلیک میلنگ کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

کراچی میں بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کاروبار تباہ ہورہا ہے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا ہے، اوور بلنگ میں کے الیکٹرک کی غلطی ماننے کے باوجود صارف کو قسطیں کرکے ادائیگی کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکلوتی کمپنی ہونے کی وجہ سے کے الیکٹرک کی بلیک میلنگ بڑھتی جارہی ہے، حکومت کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرکے نجی کمپنیوں کو بجلی پیداوار اور تقسیم کیلئے اجازت دے تاکہ مقابلے کی فضاء پیدا ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔ لوڈشیڈنگ ، زائد بلنگ اور کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی کراچی میں کسی بڑے سانحہ کو جنم دے سکتی ہے۔ حکومت صورتحال کا نوٹس لے اور کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی ختم کروائے۔