ایم کیوایم نے وزیراعظم سے بغاوت کے مقدمات واپس لینے کی درخواست کردی

حکومت اگر حریفوں کے مقدمے واپس لے سکتی ہے تو حلیف جماعت کے کیوں نہیں؟ جولائی 2015ء میں سابق قائد کی تقریر دیکھ کر تالی بجانے پرمقدمات بنائے گئے۔ ایم کیوایم ارکان کے مطالبے پر وزیراعظم کی وزیرداخلہ اور وزیرقانون کو معاملہ دیکھنے کی ہدایت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 13 اکتوبر 2020 18:28

ایم کیوایم نے وزیراعظم سے بغاوت کے مقدمات واپس لینے کی درخواست کردی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر2020ء) ایم کیوایم نے وزیراعظم عمران خان سے بغاوت کے مقدمات واپس لینے کی درخواست کردی۔ کابینہ اجلاس میں ایم کیوایم ارکان نے مطالبہ کیا کہ حکومت اگر حریفوں کے مقدمے واپس لے سکتی ہے تو حلیف جماعت کے کیوں نہیں؟ جولائی 2015ء میں سابق قائد کی تقریر دیکھ کر تالی بجانے پرمقدمات بنائے گئے، وزیراعظم نے وزیرداخلہ اور وزیر قانون کو معاملہ دیکھنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایم کیوایم نے وزیراعظم سے بغاوت کے مقدمات واپس لینے کی درخواست کی۔ایم کیوایم رہنماؤں نے کہا کہ جولائی 2015ء میں ایم کیوایم قیادت پر بغاوت کے مقدمات قائم ہوئے۔سابق قائد کی تقریر دیکھنے اور تالی بجانے پر بغاوت کا مقدمہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

حکومت اگر اپنی حریف جماعت کے مقدمے واپس لے سکتی ہے تو حلیف جماعت کے کیوں نہیں؟ ایم کیوایم ارکان نے کہا کہ خالد مقبول، وسیم اختر، عامر خان، علی رضا عابدی اور دیگر پر مقدمات قائم کیے گئے۔

وزیراعظم نے وزیرداخلہ اور وزیرقانون کو معاملہ دیکھنے کی ہدایت کی ہے۔اسی طرح وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کی معاشی، قومی سلامتی اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کابینہ نے مہنگائی اور ادویات کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔ کابینہ ارکان نے کہا کہ صوبائی حکومتوں اورضلعی انتظامیہ کو اشیاء کی دستیابی یقینی بنانا ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کو منہگائی میں کمی کیلئے ہنگامی اقدامات کی یقین دہانی کروائی۔ مہنگائی ختم کرنے کیلئے مشاورت جاری ہے۔ حکومت جلد ایکشن پلان پرعملدرآمد شروع کرےگی۔ آئندہ دنوں میں ہماری پوری توجہ منہگائی کنٹرول کرنے پر ہوگی۔ ساری صورتحال خود مانیٹر کررہا ہوں۔ دیکھتے ہیں اب مافیا کیا کرتا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ منہگائی سب سے بڑا مسئلہ ہے۔

ہم مہنگائی کے مسئلے کو حل کرکے دم لیں گے۔ 12 نکاتی ایجنڈے پرغورکیا گیا جس میں متعدد نکات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ افریقی ملک نائیجرکے لیے امدادی سامان بھیجنے پرغور کیا گیا۔ مختلف سرکاری اداروں کے سربراہان کو ایڈیشنل چارج دینے کے معاملے پرغور کیا گیا۔ اجلاس میں امپورٹ ایکسپورٹ بینک آف پاکستان ایکٹ 2020ء اور پی آئی اے بورڈ کیلئے ڈائریکٹرز کی نامزدگی کی منظوری دی گئی۔ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے مسائل کے حل کیلئے کابینہ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔