حفیظ سنٹر کا 60 فیصد حصہ آگ کی لپیٹ میں، نقصان پر کئی تاجر رو پڑے

حفیظ سنٹر میں 800 دکانیں ہیں جن میں سے تقریباََ 400 سے زائد دکانیں آگ کی لپیٹ میں آ چکی ہیں، اگر جلد از جلد آگ پر قابو نہ پایا گیا تو اربوں روپے کا نقصان ہو جائے گا، تاجر رہنما

Shehryar Abbasi شہریار عباسی اتوار 18 اکتوبر 2020 13:38

حفیظ سنٹر کا 60 فیصد حصہ آگ کی لپیٹ میں، نقصان پر کئی تاجر رو پڑے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین - 18 اکتوبر 2020ء) تاجر رہنما جعفر شاہ نے کہا ہے کہ حفیظ سنٹر میں کروڑوں کا نہیں اربوں کا کاروبار ہوتا ہے، آگ نے حفیظ سنٹر کے 60 فیصد حصے کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تاجر برادری کے رہنما جعفر شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حفیظ سنٹر میں آگ بھجانے والے تمام آلات موجود ہیں۔ حفیظ سنٹر میں کروڑوں کا نہیں اربوں کا کاروبار ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پلازے میں 800 دکانیں ہیں جن میں سے تقریباََ 400 سے زائد دکانیں آگ کی لپیٹ میں آ چکی ہیں۔ اگر جلد از جلد آگ پر قابو نہ پایا گیا تو اربوں روپے کا نقصان ہو جائے گا۔ آگ اس وقت حفیظ سنٹر کے 60 فیصد حصے پر پھیل چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجر اپنی اپنی دکانوں سے سامان نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، سب کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ سامان محفوظ بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

میڈیا ذرائع کے مطابق تاجر اس نقصان پر نہایت ہی غم میں ہیں، تاجروں کا کہنا ہے کہ ا ن کی زندگی بھر کی کمائی جل کر خاکستر ہو گئی ہے۔ کروڑوں کا نقصان ہونے پر کئی تاجر میڈیا سے بات کرتے آبدیدہ ہوگئے۔ کئی تاجر اپنی جان پر کھیل کر پلازے سے سامان نکالنے میں بھی مصروف ہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حفیظ سنٹر میں لگنے والی آگ پر جلد از جلد قابو پانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

لاہور انتظامیہ اور ریسکیو کو ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سب سے پہلے چھت پر پھنسے افراد کو باہر نکالا جائے اور دیگر شہروں سے بھی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں منگوائی جائیں تاکہ جلد از جلد آگ پر قابو پایا جا سکے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ پلازے میں پھنسے افراد کو بحفاظت نکالنا ترجیح ہے۔

ترجمان ریسکیو کا کہنا ہے کہ اس وقت فائر بریگیڈ کی 33گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں، اور ریسکیو کے 70 اہلکار بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ریسکیو ترجمان کے مطابق شیخوپورہ سے بھی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں منگوائی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق حفیظ سنٹر میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جو کہ اب تین منزلوں تک پھیل چکی ہے۔ واضح رہے کہ صبح 6 بجے گلبرگ کے معروف الیکٹرانکس پلازے حفیظ سنٹر میں آگ لگنے سے پچاس سے زائد دکانیں متاثر ہوئی ہیں۔

آگ پلازے کی دوسری منزل پر لگی تھی جو اب چوتھی منزل تک پھیل چکی ہے۔ آگ کی شدت کے باعث دوسرے اضلاع سے بھی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں طلب کر لی گئی ہیں۔ آگ کی شدت کے باعث رینجرز کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ ریسکیو اہلکار پلازے میں پھنسے لوگوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ آگ زیادہ پھیلنے کے باعث انتظامیہ نے رینجرز کو طلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق حفیظ سنٹر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے 50 سے زائد دکانیں متاثر ہوئی ہیں، آگ حفیظ سنٹر کی دوسری منزل پر لگی، شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ شدت اختیار کرگئی ۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق آگ نے تیسری اور چوتھی منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ آگ لگنے پر ایک متاثرہ دکاندار کا کہنا تھا کہ دکانوں سے سامان نکال رہے ہیں۔ 40 سے 50 کروڑ کا نقصان ہوچکا ہے۔