راولپنڈی سے اسکردو جانے والی مسافربس بھاری لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئی

متعدد مسافر جاں بحق، شہداء میں پاک فوج کے4 جوان بھی شامل، فوج کی کوئیک رسپانس فورس ایمبولینسز کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچ گئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 18 اکتوبر 2020 18:58

راولپنڈی سے اسکردو جانے والی مسافربس بھاری لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں ..
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اکتوبر2020ء) اسکردو بھاری لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مسافر بس حادثے متعدد مسافر جاں بحق ہوگئے، شہداء میں پاک فوج کے 4 جوان بھی شامل ہیں، شہداء میں سپاہی سونا خان، سپاہی آصف، سپاہی ارشد اور سپاہی فاروق شامل ہیں، فوج کی کوئیک رسپانس فورس ایمبولینسز کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق جگلوٹ اسکردو روڈ پر تنگس باغیچہ کے قریب بھاری لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔

جس سے افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ کہ راولپنڈی سے اسکردو جانے والی بس بھی بھاری لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئی۔ حادثے میں بس کے متعدد مسافر شہید ہوگئے ہیں۔ لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ کر بس میں سوار پاک فوج کے 4 جوان شہید ہونے والوں میں شامل ہیں۔ پاک فوج کے شہداء میں سپاہی سونا خان، سپاہی آصف، سپاہی ارشد اور سپاہی فاروق شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کیلئے پاک فوج کی کوئیک رسپانس فورس ٹیمزایمبولینسز کے ہمراہ جائے حادثہ کی جانب روانہ ہوچکی ہیں۔

 اسی طرح پولیس کے مطابق اسکردو میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مسافر بس کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔ راولپنڈی سے اسکردو جانے والی بس لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر تونگوس کے مقام پر کھائی میں جا گری۔ بس میں 18 مسافر سوار تھے، 10 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ، مزید 6 افراد بعد میں دم توڑ گئے۔ پولیس نے حادثے میں 16 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈرائیور اور کنڈیکٹر سمیت 6 مسافروں کی شناخت کر لی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گلگت سکردو روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بس حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں اورغم کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔