سیکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان میں کارروائی، 2 مطلوب دہشت گرد ہلاک

شمالی وزیراستان میں آپریشن کے دوران علیم خان خوشحالی گروپ سے وابستہ دو انتہائی مطلوب دہشت گرد مارے گئے ہیں، ہلاک دہشت گرد گزشتہ روز میر علی کے رہائشی ملک رئیس کے قتل میں بھی ملوث تھے: آئی ایس پی آر

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 20 اکتوبر 2020 00:53

سیکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان میں کارروائی، 2 مطلوب دہشت گرد ہلاک
پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اکتوبر2020ء) سیکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان میں کیے گئے آپریشن میں دو مطلوب دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات موصول ہونے پر آپریشن کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیراستان میں آپریشن کے دوران علیم خان خوشحالی گروپ سے وابستہ دو انتہائی مطلوب دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد گزشتہ روز میر علی کے رہائشی ملک رئیس کے قتل میں بھی ملوث تھے جبکہ دونوں پولیس کو دیگر دہشت گردی کی وارداتوں میں بھی مطلوب تھے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 4 اکتوبر کو بھی سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خفیہ آپریشن کرتے ہوئے2 دہشت گرد ہلاک کیے تھے جبکہ ایک کو زندہ گرفتار کرلیا گیا تھا ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا تھا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پرآپریشن کیا ، جس کے نتیجے میں 2 انتہائی خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ، جب کہ ایک دہشت گرد کو زندہ گرفتار کیا گیا ۔ یاد رہے کہ 3 اکتوبر کو بھی پاک فوج کی طرف سے شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بنادی گئی تھی ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا گیا ،آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے ، ایک کو گرفتار کرلیا گیا، ایک ہلاک دہشت گرد بم بنانے کا ماہر تھا ، یہ دہشت گرد معصوم شہریوں کے قتل، بھتا خوری اور سیکورٹی فورسز پر 25 سے زائد حملوں میں ملوث تھے۔