ڈپٹی کمشنر کوٹلی کا رقبہ محکمہ اوقاف کے ناجائز قابضین اور ناجائز تعمیرات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرنے کا حکم

منگل 20 اکتوبر 2020 14:08

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2020ء) ڈپٹی کمشنر کوٹلی ڈاکٹرعمر اعظم نے رقبہ محکمہ اوقاف کے ناجائز قابضین اور ناجائز تعمیرات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرنے کا حکم دے دیا اور کہا ہے کہ سرکاری اراضی پر قبضہ اور ناجائز تعمیرات کرنے والوں کیخلاف زیرو ٹالر نس کی پالیسی اپنائی جائے ، ڈپٹی کمشنر نے سب ڈویڑن مجسٹریٹ راجہ طارق کوہدایت کی ہے کہ موضع منڈی میں ناجائز تعمیرات کی فوری طورپرمسمارگی اور بیدخلیوں کی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ایک ہفتہ میں رپورٹ ارسال کی جائے۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر اعظم کی جانب سے سب ڈویڑنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) کوٹلی کو جاری کئے گئے حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ اوقاف کی طرف سے موضع منڈی میں سرکاری اراضی پر ناجائزقبضے اور ناجائز تعمیرات سے متعلق رپورٹس آرہی ہیں،ان رپورٹس کی روشنی میں رقبہ محکمہ اوقاف موضع منڈی تحصیل و ضلع کوٹلی میں ناجائز تعمیرات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے اور اوقاف کے رقبہ پر تعمیر کردہ عمارات، کمرہ جات اور کھوکھا جات سمیت ہر طرح کی ناجائز تعمیرات کو فوری طور پر مسمار کرتے ہوئے ایک ہفتہ کے اندر رپورٹ ارسال کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آئندہ اراضی محکمہ اوقاف پر کسی قسم کا قبضہ اورناجائز تعمیرات نہ ہوں جو بھی سرکاری اراضی پر قبضے یا تعمیرات کی کوشش کرے گا اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے بھی سرکاری اراضی پر قبضے کا نوٹس لے رکھا ہے اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جنگلات اوقاف سمیت دیگر سرکاری اراضی کو فوری طور پر واگزار کرنے کیلئے آپریشنز کریں۔