سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو عمرہ کی ادائیگی کے حوالے سے خاص ہدایت کر دی گئی

وزارت حج نے عمرہ کے خواہش مندوں کے لیے مکہ مکرمہ میں مختلف پوائنٹس پر ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کر دی، ٹیکسی سے بھی حرم مکی جایا جا سکتا ہے

بدھ 21 اکتوبر 2020 17:07

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو عمرہ کی ادائیگی کے حوالے سے خاص ہدایت ..
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21 اکتوبر2020ء) سعودی عرب کی جانب سے عمرہ بحالی کا پہلا مرحلہ کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا ہے جس دوران اللہ کی مہربانی سے کوئی بھی عمرہ زائر کورونا کا شکار نہیں نکلا۔ اب عمرہ بحالی کا دوسرا مرحلہ شروع ہو چکا ہے جس دوران روضہ شریف کی زیارت اور یہاں نماز کی ادائیگی کی اجازت بھی دے دی گئی ہے اس کے علاوہ حرم مکی اور مسجد نبویﷺ میں عمرہ زائرین اور نمازیوں کی یومیہ گنتی میں بھی بڑا اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ کئی ماہ سے عمرہ اور زیارت سے محروم لاکھوں افراد کو باری باری اپنی دینی خواہش پوری کرنے کا موقع مل سکے۔

بہت سارے لوگ یہ جاننا چاہ رہے ہیں کہ سعودی حکام نے عمرہ زائرین کو حرمِ مکی تک پہنچانے کے لیے کیا انتظامات کر رکھے ہیں ، کیا اس کے لیے کوئی خاص ٹرانسپورٹ پر سفر کرنا ہو گا یا اپنی گاڑی پر بھی سفر کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے وزارت حج و عمرہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ’اعتمرنا‘ کی ایپ کے ذریعے عمرہ کے لیے مکہ شہر آنے والے افراد کے لیے مختلف مقامات پر ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے، اس ٹرانسپورٹ کے ذریعے حرم شریف پہنچایا جاتا ہے اور عمرہ کی ادائیگی کے بعد مقررہ پوائنٹ پر واپس چھوڑ دیا جاتا ہے۔

البتہ اگر کوئی چاہے تو اس ٹرانسپورٹ کی بجائے ٹیکسی سے بھی حرمِ مکی جانے کی اجازت ہے۔ جو افراددیگر شہروں سے عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ آ رہے ہیں، اُن کے لیے زیادہ بہتر یہی ہو گا کہ وہ اپنی گاڑی مخصوص پارکنگ میں کھڑی کرنے کے بعد وزارت حج کی جانب سے فراہم کردہ خصوصی ٹرانسپورٹ پر آرام دہ سفر کے ذریعے حرم شریف پہنچ سکتے ہیں اور پھر اسی ٹرانسپورٹ سے وہ اپنی گاڑی پارکنگ والے مقام تک واپس جا سکتے ہیں۔