اداکارہ ثمینہ بٹ کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور، اردو پوائنٹ کی خبر پر پنجاب حکومت نے ایکشن لے لیا

اردو پوائنٹ کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کے ڈیجیٹل میڈیا کے ترجمان اظہر مشوانی نے ثمینہ بٹ کے حالات سے پنجاب کلچر ڈیپارٹمنٹ کو آگاہ کردیا

Shehryar Abbasi شہریار عباسی بدھ 21 اکتوبر 2020 22:36

اداکارہ ثمینہ بٹ کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور، اردو پوائنٹ کی خبر ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈیجیٹیل میڈیا اظہر مشوانی نے اردو پوائنٹ کی خبر پر نوٹس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق اردو پوائنٹ نے اداکارہ ثمینہ بٹ کی کسمپرسی کی زندگی پر مبنی رپورٹ شیئر کی تھی جس میں اداکارہ ثمینہ بٹ کے ابتر مالی حالات دکھائے گئے تھے ۔
اردو پوائنٹ کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کے ڈیجیٹل میڈیا کے ترجمان اظہر مشوانی نے ثمینہ بٹ کے حالات سے کلچر ڈیپارٹمنٹ کو آگاہ کردیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اردو پوائنٹ کی ویڈیو کا جواب دیتے ہوئے اظہر مشوانی نے کہا کہ کلچر ڈیپارٹمنٹ کو بھیج رہا ہوں۔
واضح رہے کہ اردو پوائنٹ کی اینکرپرسن آمنہ عثمان نے ماضی کی مشہور اداکارہ ثمینہ بٹ کا انٹرویو کیا جس میں انہوں نے اداکارہ کے موجودہ مالی حالات سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

اردو پوائنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے ثمینہ بٹ نے بتایا کہ انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن ، اجوکا تھیٹر، رفیع پیر تھیٹر کے علاوہ ہندوستان، بنگلہ دیش میں کام کیا۔

تھیٹر ٹی وی کے علاوہ ریڈیو پاکستان پر بھی کام کیا۔ پھر اچانک انڈسٹری کراچی شفٹ ہو گئی اور ہمارے حالات خراب ہونے شروع ہو گئے ۔ انہوں نے حکومت سے درخواست کی تھی کہ کیا آرٹسٹوں کے لیے ریٹائرمنٹ کے بعد کچھ نہیں ہوتا؟ ہماری حالت زار پر کوئی توجہ نہیں دیتا ۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ خدارا کوئی ہماری مدد کرو، میرے بچے یتیم ہیں، گھر میں کھانے کو کچھ نہیں ۔ اردو پوائنٹ کی جانب سے ثمینہ بٹ کی شیئر کی گئی ویڈیو پر وزیراعلیٰ پنجاب کے ڈیجیٹل میڈیا کے ترجمان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کلچر ڈیپارٹمنٹ کو آگاہ کردیا ہے ۔