قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی کی کپتانی سے چھٹی یقینی

مصباح الحق کی جانب سے چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنے کے بعد سینئر بلے باز کیلئے بھی عہدہ بچانا مشکل، دورہ نیوزی لینڈ کے دوران محمد رضوان ٹیم کی قیادت کریں گے: ذرائع

muhammad ali محمد علی جمعرات اکتوبر 20:54

قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی کی کپتانی سے چھٹی یقینی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2020ء) ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی کی کپتانی سے چھٹی یقینی ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، تاہم باقاعدہ اعلان اگلے ماہ کیا جائے گا۔ ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مصباح الحق کی جانب سے چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنے کے بعد اظہر علی کیلئے بھی عہدہ بچانا مشکل ہوگیا ہے۔

دورہ نیوزی لینڈ کے دوران اظہر علی کی بجائے محمد رضوان ٹیم کی قیادت کریں گے۔ اظہر علی کی قیادت میں اب تک قومی ٹیم کی کارکردگی کافی ناقص رہی ہے۔ اظہر علی کی ناقص کپتانی کی وجہ سے ہی دورہ انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم جیتا ہوا ٹیسٹ میچ ہار گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان اس حوالے سے اظہر علی سے اہم ملاقات کر چکے ہیں، جبکہ چئیرمین پی سی بی احسان مانی اگلے ماہ قومی ٹیم کے کپتان سے ملاقات کریں گے۔

(جاری ہے)

دورہ نیوزی لینڈ کیلئے قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان نومبر کے دوسرے ہفتے میں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھی خبر سامنے آئی تھی کہ وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کی کپتانی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس حوالے سے ذرائع کا بتانا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے ایک رکن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ دورہ انگلینڈ کے دوران مانچسٹر ٹیسٹ دیکھ رہے تھے۔ میچ پاکستان کے ہاتھ میں تھا پھر بھی انگلینڈ نے فتح حاصل کر لی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اظہر علی کی کپتانی ناقص رہی، انہیں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔