سعودی عرب جانے والے سگریٹ نوش پاکستانی خبردار ہو جائیں

مقررہ حد سے زائد سگریٹ لے جانے پرسگریٹ ضبط کر لیے جائیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 23 اکتوبر 2020 15:58

سعودی عرب جانے والے سگریٹ نوش پاکستانی خبردار ہو جائیں
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 اکتوبر2020ء) پاکستانی مردوں کی بڑی گنتی تمباکو نوشی کی رسیا ہے۔دُنیا بھر میں کہیں بھی جا کرآباد ہو جائیں، یہ سگریٹ مہنگے داموں بھی خرید کر پیتے رہتے ہیں۔ جو پاکستانی سعودی عرب ٹھکانہ کرنا چاہتے ہیں اگر وہ سگریٹ نوش ہیں تو انہیں کچھ ہدایات پر عمل کرنا ہو گا، ورنہ ان کے زیادہ مقدار میں خریدے گئے سگریٹس اور تمباکو ضبط ہونے پر بڑا مالی نقصان ہو سکتا ہے۔

اُردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں سگریٹ کے رحجان کو کم کرنے کی خاطر سگریٹ اور تمباکو مصنوعات کی قیمتوں میں بے بہا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ماضی میں سگریٹ کا ایک پیکٹ جو 5 ریال کا ملتا تھا اب اس کی قیمت 17 ریال ہو گئی ہے جس کی وجہ سے لوگ سمگل شدہ سگریٹ بلیک مارکیٹ میں فروخت کرتے ہیں جو غیر قانونی ہے۔

(جاری ہے)

سعودی محکمہ کسٹم نے فروری 2019 سے مملکت سگریٹ پر کسٹم عائد کرتے ہوئے مسافروں کو اپنے ہمراہ سگریٹ لانے کے قانون میں ترمیم کرتے ہوئے مقررہ تعداد سے زائد تمباکو کی مصنوعات لانے پر کسٹم عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

محکمہ کسٹم کے قانون میں مسافروں کو رعایت دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایک مسافر اپنے ہمراہ 200 سگریٹ، 24 سگار اور 500 گرام تمباکو لانے کا مجاز ہے۔ اس سے زائد مقدار میں سگریٹ یا تمباکو کی مصنوعات مسافر کے سامان سے برآمد ہونے پراسے ضبط کر لیا جائے گا۔جبکہ ٹرانزٹ مسافروں کے پاس سے مقررہ تعداد سے زیادہ سگریٹ یا تمباکو مصنوعات برآمد ہونے پر انہیں عارضی طور پر ضبط کرلیا جاتا ہے۔اگر مسافر 15 دن تک عارضی طور پر ضبط کی گئی سگریٹ واپس جاتے وقت طلب کر سکتا ہے مقررہ مدت گزرنے کے بعد ضبط کی جانے والی سگریٹ محکمہ کسٹم کی مال خانے میں مستقل طور پر جمع کرادی جاتی ہے۔