پرائیویٹ کار خاصوں کو سیدھا حوالات میں بند کیا جائے گا، داتا کی نگری کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کیا جارہا ہے، سی سی پی او لاہور محمد عمر شیخ

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 26 اکتوبر 2020 17:38

پرائیویٹ کار خاصوں کو سیدھا حوالات میں بند کیا جائے گا، داتا کی نگری ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اکتوبر2020ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) عمر شیخ فارمولا کے اثرات لاہور پولیس میں دیکھنے میں آرہے ہیں، لاہور پولیس کی طرف سے ماہ ستمبر کے دوران اشتہاریوں، قبضہ گروپوں اور قانون شکن عناصر کیخلاف سخت کریک ڈاون کرتے ہوئے مختلف مقدمات میں مطلوب 1303 اشتہاریوں ، 402 ٹارگٹ آفینڈرز اور 515 عدالتی مفروروں کو دھر لیا گیا۔

قبضے کے 08 مقدمات میں کئی کئی سالوں سے مفرور 42 اشتہاریوں ملزمان کو بھی جیل بھجوایا گیا، 168 گینگز کے 410 ممبران کو گرفتار کیا گیا جنہوں نے مزید 336 مقدمات ٹریس کروائے۔ صرف ماہ ستمبر کے دوران 06 کروڑ، 43 لاکھ سے زائد ریکوری کروائی گئی اور ملزمان کی نشاندہی پر 318 موٹرسائیکلیں، 70 کاریں اور 25 دیگر وہیکلز کو ریکور کرواتے ہوئے اصل مالکان کے حوالے کیا گیا، سربراہ لاہور پولیس کی طرف سے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاوٴن کرتے ہوئے 705 مقدمات درج کرائے گئے جبکہ منشیات میں گرفتار 688 ملزمان سے 17 کلو 178 گرام ہیروئن، 191 کلو سے زائد چرس اور 340 گرام آئس، 08 کلو 460 گرام افیون اور 03 ہزار سے زائد شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح ماہ ستمبر میں ناجائز اسلحہ اور اس کی نمائش پر 615 مقدمات میں 641 ملزمان کو گرفتار کرکے 06 کلاشنکوف، 27 رائلیں، 19 بندوقیں، 558 پسٹل اور 2922 گولیاں برآمد کی گئیں۔ سربراہ لاہور پولیس محمد عمر شیخ کی ہدایت پر ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ، پتنگ بازی کیخلاف بھی کریک ڈاون کیا گیا۔ ماہ ستمبر میں ون ویلنگ کے 119 مقدمات درج کروتے ہوئے 155 ملزمان کو دھر لیا گیا۔

ہوائی فائرنگ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنے پر 56 مقدمات اور پتنگ سازی اور پتنگ فروشی پر 90 مقدمات درج کئے گئے۔سی سی پی او لاہور محمد عمر شیخ کا کہنا تھا کہ ان کامزید کہنا تھا کہ ماہ ستمبر میں شہریوں کی دادرسی کرتے ہوئے 1008 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ داتا کی نگری کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کیا جارہا ہے۔ لاہور پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے ہوئے ہے۔

سی سی پی او لاہورکا عمر شیخ فارمولا کے حوالے سے کہنا تھا کہ پولیسنگ آف پولیس ہی عمر شیخ فارمولا ہے، سسٹم میں بہتری کیلئے پہلے پولیس کو ٹھیک کرنا ہوگا، مرحلہ وار پولیس میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، کار خاصوں کے تبادلوں کے حوالے ان کا کہنا تھا کہ تمام ایس ایچ اوز کے کار خاصوں کو تبدیل کر دیا گیا ہے جبکہ اب پرائیویٹ کار خاص رکھنے والے سیدھا حوالات میں جائیں گیں۔