نیب کو مریم نواز کیخلاف ثبوت مل گئے ، جلد نئے ریفرنس دائر کیے جانے کا امکان

مسلم لیگ ن کی نائب صدر کے خلاف چوہدری شوگر ملز کی ٹی ٹیز کے ذریعے منی لانڈرنگ کے ثبوت مل گئے ، جس کا ریفرنس ایک ہفتے کے اندر دائر کردیا جائے گا ، تجزیہ کار چوہدری غلام حسین کا دعویٰ

Sajid Ali ساجد علی منگل 27 اکتوبر 2020 12:35

نیب کو مریم نواز کیخلاف ثبوت مل گئے ، جلد نئے ریفرنس دائر کیے جانے کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اکتوبر2020ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کو مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازکے خلاف چوہدری شوگر ملز کی ٹی ٹیز کے ذریعے منی لانڈرنگ کے ثبوت مل گئے ، جس کا ریفرنس ایک ہفتے کے اندر دائر کردیا جائے گا، یہ انکشاف معروف صحافی و تجزیہ کار چوہدری غلام حسین کی طرف سے کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری غلام حسین نے کہا کہ نیب کی طرف سے مریم نواز کو طلب کیا جارہا ہے، جس کے بعد ان سے مزید تفتیش کی جائے گی ، جب کہ ان کے خلاف 2 کیس بھی آنے والے ہیں ، کیوں کہ نیب کے پاس بڑی تعداد میں شواہد جمع ہوچکے ہیں ، 440 ملین کی پہلے والی ٹی ٹیز میں ریفرنس مکمل ہوچکا ہے ، جیسے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خلاف ریفرنس دائر ہوا جس میں اب فرد جرم بھی عائد ہونے والی ہے، بلکل اسی طرح مریم نواز اور دیگر کے خلاف بھی کیس فائنل ہونے والا ہے، جس کے بعد نیب کسی بھی وقت انہیں طلب کرسکتی ہے، جس کے لیے نیب کی طرف سے تیاری مکمل کرلی گئی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کے قریبی لوگوں کو نامعلوم نمبرز سے دھمکیاں دی جا رہی ہیں ، مریم نواز کا کہنا ہے کہ ان کے قریب لوگوں کو نامعلوم نمبرز سے دھمکی آمیز کالز آ رہی ہیں ، نامعلوم نمبرز سے کہا جا رہا ہے کہ آج کی تقاریر کے بعد کریک ڈاؤن کے لیے تیار ہو جانا چاہئیے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نوٹ کر لیں ، یہ ریکارڈ کے لیے بتایا جارہا ہے۔

جس پر ردِعمل دیتے ہوئے وزئراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ ایک ایکسپرٹ سے بات ہوئی تھی جن لوگوں کو فون آئے ان کے فونز کا فارنزک کرنا ہو گا تاکہ دھمکی دینے والے تک پہنچا جا سکے ، براہ مہربانی قانون نافذ کرنے والے ادارروں سے رابطہ کریں اور فارنزک کرا لیں۔