پی سی بی کی آئندہ سال اپریل میں دورہ جنوبی افریقہ کی تصدیق

دورے کے دوران 3ون ڈے اور 3ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے ، پاکستان نے فیوچر ٹور پروگرام میں شامل دورہ زمبابوے پر بھی آمادگی ظاہر کردی

Sajid Ali ساجد علی منگل 27 اکتوبر 2020 15:59

پی سی بی کی آئندہ سال اپریل میں دورہ جنوبی افریقہ کی تصدیق
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اکتوبر2020ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ سال اپریل میں دورہ جنوبی افریقہ کی تصدیق کردی ۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم آئندہ سال اپریل 2021ء میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی ، جہاں دورے کے دوران 3ون ڈے اور 3ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے ، تینوں ون ڈے میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ سپر لیگ کا حصہ ہوں گے۔

پی سی بی کے مطابق دورہ جنوبی افریقہ ابتدائی طور پر رواں سال ستمبر اور اکتوبر میں شیڈول تھا ، اس کے ساتھ ساتھ پاکستان نے فیوچر ٹور پروگرام میں شامل دورہ زمبابوے پر بھی آمادگی ظاہر کردی ، جس میں 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے ، جن کی حتمی تاریخوں کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے نئے کپتان کیلئے بھی نام فائنل کر لیا گیا، پی سی بی نے بلے باز بابر اعظم کو ہی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سونپنے کا فیصلہ کر لیا، حتمی اعلان نومبر کے دوسرے ہفتے میں ہوگا ، میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا گیا تاہم باقاعدہ اعلان اگلے ماہ کیا جائے گا ، کیوں کہ مصباح الحق کی جانب سے چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنے کے بعد اظہر علی کیلئے بھی عہدہ بچانا مشکل ہوگیا ، دورہ نیوزی لینڈ کے دوران اظہر علی کی بجائے محمد رضوان کو ٹیم کی قیادت کی ذمے داری سونپنے کی خبریں سامنے آئی تھیں جن کی اب تردید کی گئی ۔

بتایا گیا ہے کہ بابر اعظم کو ہی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی بھی سونپے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، کیوں کہ پی سی بی تینوں طرز کی ٹیموں کیلئے ایک ہی کپتان مقرر کرنے کا خواہاں ہے ، اس حوالے سے گزشتہ چند روز کے دوران غور و فکر کرنے کے بعد فیصلہ کر لیا گیا ، تاہم قومی ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان کے نام کا اعلان نومبر کے دوسرے ہفتے میں کیا جائے گا ، جب کہ اظہر علی برطرفی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ان کی قیادت میں اب تک قومی ٹیم کی کارکردگی کافی ناقص رہی۔