وفاقی کابینہ نے پاکستان ریلویز کی بحالی کے پلان کی منظوری دے دی

ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم اور سازوسامان نصب کرنے سے متعلق پالیسی فیصلہ موخر مہنگائی کو کنٹرول کر نے میں میں بیورو کریسی کے کچھ لوگ ذمہ دار قرار ،وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا وزیراعظم سے ایکشن کا مطالبہ وزیراعظم بیوروکریسی میں شامل کالی بھیڑوں کو نکال باہر کریں،گندم بحران میں ملوث افسران کی مکمل نشاندہی ہونی چاہئے، وفاقی وزیر معاملے کی تہہ تک پہنچیں گے،مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ اقدامات اٹھائے جائیں، وزیر اعظم عمران خان

منگل 27 اکتوبر 2020 23:13

وفاقی کابینہ نے پاکستان ریلویز کی بحالی کے پلان کی منظوری دے دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) وفاقی کابینہ نے پاکستان ریلویز کی بحالی کے پلان کی منظوری دے دی۔ منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں گندم، چینی سمیت اشیائے ضروریہ کی دستیابی پر بریفنگ دی گئی،وزارت تجارت نے 30 جنوری 2021 تک گندم کی درآمد کی ٹائم لائن پر بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق وزارت صنعت نے چینی کے درآمدی شیڈول اور قیمتوں میں کمی سے متعلق کابینہ کو بریفنگ دی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے عسکری ائیرلائن کے ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس منسوخ کرنے کی منظوری دے دی، خلیجی ممالک کے شہزادوں کے لیے لائیو اسٹاک برآمد کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ،کابینہ کو فوجداری قوانین میں اصلاحات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے ٹی سی پی کی جانب سے گندم کی درآمد کے لیے پری شپمنٹ انسپیکشن کی اجازت دے دی ذرائع کے مطابق نان ٹریٹی ممالک کی جانب سے میوچل لیگل اسسٹنس کی درخواستوں کی منظوری دی گئی ،ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم اور سازوسامان نصب کرنے سے متعلق پالیسی فیصلہ موخر کر دی گئی ،انٹرنیشنل سول ایوی ایشن کی جانب سے پاس قانون کی دو شقوں میں تجویز کردہ ترامیم کی توثیق کر دی گئی ۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے پاکستان ریلویز کی بحالی کے پلان کی منظوری دے دی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزراء نے مہنگائی میں کمی کیلئے ہنگامی اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم کے اقدامات درست ہیں لیکن بیوروکریسی مسائل کے حل میں رکاوٹ ہے ۔وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے وزیراعظم سے بیوروکریسی کے خلاف ایکشن کا مطالبہ کیا ۔ فیصل واوڈا نے کہاکہ کچھ بیورو کریٹ مہنگائی میں کمی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، مہنگائی میں کمی کیلئے حکومتی اقدامات اور احکامات پر عمل نہیں ہو رہا۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم بیوروکریسی میں شامل ایسی کالی بھیڑوں کو نکال باہر کریں،گندم بحران میں ملوث افسران کی مکمل نشاندہی ہونی چاہئے ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر نے کہاکہ کسی وزیر کی جانب سے کمزوری ہے تو اس کی بھی نشاندہی ہونی چاہیے،بیوروکریسی سیدھے سیدھے کام کو بھی مہینوں تاخیر کا شکار کر دیتی ہے۔ وزیر اعظم نے اعلان کیاکہ معاملے کی تہہ تک پہنچیں گے،مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ جب تک مہنگائی کنٹرول نہیں ہوگی، چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ کابینہ اراکین نے کہاکہ مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ عوام کی مشکلات کا مکمل احساس ہے، مہنگائی میں کمی میری ترجیح ہے