تاجدار کائنات ؐکی شان میں گستاخی کائنات انسانی کا سب سے بڑا گناہ ہے،مشتاق احمد صدیقی

انبیاء کی شان میں گستاخی پر اقوام متحدہ کی خاموشی مجرمانہ ہے اوآئی سی ہنگامی اجلاس بلا کر فرانس کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دے، پاکستان عوامی تحریک کراچی

منگل 27 اکتوبر 2020 23:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) پاکستان عوامی تحریک کراچی کے صدر مشتاق احمد صدیقی،سینئر نائب صدر صاحبزادہ ثاقب نوشاہی،نائب صدر ڈاکٹر شہزاد قریشی نے فرانس کی جانب سے تاجدار کائنات ؐ کی شان میں گستاخی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر مسلم اتحاد و یکجہتی کے ساتھ مسلم امہ پر ہر محاز پر حملہ آور ہیں انکے مقابلے میں مسلم وحدت پارہ پارہ ہے غیر مسلم بار بار سرکار دوجہاںؐ کی شان میں گستاخی کر کے مسلم امہ کے غیرت ایمانی کو للکار رہے ہیں وقت آگیا ہے مسلم امہ بیداری کا ثبوت دے اور گستاخان مصطفیؐ کو منہ توڑ جواب دے۔

انھوں نے کہا تاجدار کائنات ؐ کی شان میں گستاخی کائنات انسانی کا سب سے بڑا گناہ ہے ایسا کرنے والا ملعون اور جہنمی ہے ۔

(جاری ہے)

مغربی دنیا میں آزادی اظہار کی تشریح غلط ہے مقدس ہستیوں کی شان میں بے ادبی دنیا کا کوئی مذہب اجازت نہیں دیتا ۔ان قائدین نے کہا انبیاء کی شان میں گستاخی پر اقوام متحدہ کی خاموشی مجرمانہ ہے اوآئی سی ہنگامی اجلاس بلا کر فرانس کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دے ۔ان قائدین نے مطالبہ کیا حکومت پاکستان سرکاری سطح پر فرانس کا بائیکاٹ کرے اور پاکستان میں موجود فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔نبی ؐ کی ناموس سے بڑھ کر کچھ نہیں قوم فرانسیسی مصنوعات کا مکمل طور پر بائیکاٹ کرے ۔