Live Updates

اپوزیشن کا اتحاد دسمبر نہیں دیکھ پائے گا

شریف خاندان میں پھوٹ پڑ چکی ہے، وزیر اطلاعات پنجاب

جمعہ 30 اکتوبر 2020 19:38

اپوزیشن کا اتحاد دسمبر نہیں دیکھ پائے گا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔اے پی پی ۔30اکتوبر ۔2020ء) وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا اتحاد دسمبر نہیں دیکھ پائے گا  جب کہ شریف خاندان میں پھوٹ پڑ چکی ہے اور مریم نواز نے مسلم لیگ کو اپنے نام سے رجسٹر کروانے کے لیے قانونی مشاورت مکمل کر لی ہے۔ وہ جمعہ کے روز ایوان وزیر اعلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آل شریف میں پھوٹ پڑچکی ہے، مریم صفدر مسلم لیگ (ن) کو اپنے نام سے رجسٹر کرانا چاہتی ہیں، بیگم صفدر اعوان نے وکلا سے مشاورت شروع کر دی ہے، شہباز شریف خاندان کا جاتی امرا آنا جانا بند ہوچکا، مریم نواز اپنا اور مکس اچار پارٹی کا بیڑا غرق کریں گی‘،جتنا (م) لیگ کھل کر کھیلے گی اتنا ہی خود کو نقصان پہنچائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا فضل الرحمان نے مریم نواز اور نواز شریف کو پیغام بھجوایا ہے، انہوں نے کہا آپ کے بیانیے کا بوجھ زیادہ دیر نہیں اٹھا سکتے، فضل الرحمان نے واضح کر دیا ان کا بیانیہ قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان بھی ان کے بیانیے کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے جب کہ ایاز صادق سمیت پی ڈی ایم کی جو بھی قیادت انڈین بیانیے کے ساتھ چل رہی ہے ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ا نہیں گرفتار کیا جائے اور ملک دشمن بیانیے کا پر چار کرنے والی قیادت کو نشان عبرت بنایا جائے۔

فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی قیادت اندر سے کھوکھلی ہوچکی ہے ان کو حکمت عملی کے تحت کھل کر کھیلنے کا موقع دیا تاکہ ایکسپوز ہوجائیں لیکن اب ان کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے بیرونی امداد مل رہی ہے یہی پیسہ پی ڈی ایم کے جلسوں پر لگایا جا رہا ہے، ابھینندن کو چائے کی پیالی پلا کر تھپکی دے کر بھیجا تھا، مکس اچار پارٹی دسمبر نہیں دیکھے گی۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا ایاز صادق سمیت مکس اچار پارٹی بھارتی بیانیے پرچل رہی ہے، مکس اچار پارٹی دسمبر کا مہینہ نہیں دیکھے گی۔ انہوں نے کہا بھارتی میڈیا انتہائی گھٹیا پن کا مظاہرہ کرتا ہے، طے ہوا تھا بھارتی ٹی وی پر شو کے درمیان میرا مائیک بند نہیں ہوگا، میجر گورو آریا نے کہا آپ دیکھیں گے ہم پاکستان میں کیا افراتفری پیدا کرتے ہیں، میں نے جواب میں کہا بھارتی اسٹبلشمنٹ اور میڈیا کو شرم آنی چاہیئے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات