پی ایس ایل 2020 کے بقیہ میچز کے لیے میدان تیار

جمعہ 13 نومبر 2020 17:37

کراچی۔13نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13نومبر2020ء) :پاکستان سپر لیگ 2020 کے بقیہ میچز کے لیے میدان تیار ہوگیا۔ ایونٹ کے پلے آف مرحلے کا آغاز (آج ) ہفتہ سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔پوائنٹس ٹیبل کی دوٹاپ ٹیمیں، ملتان سلطانز اور کراچی کنگز  ایونٹ کے پہلے کوالیفائر میں 14 نومبر کومدمقابل آئیں گی۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث تعطل کا شکار ایونٹ کے بقیہ میچوں کا انعقاد 8 ماہ بعد ہورہا ہے۔

ہفتے کے روز شیڈول دوسرے میچ میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں ایلیمنٹر 1میں مدمقابل آئیں گی۔ کوالیفائر ہارنے والی ٹیم ایلیمنٹر 1 کی فاتح ٹیم کے ساتھ اتوار کو شیڈول ایلیمنٹر 2 میں مدمقابل آئے گی۔ایونٹ کا فائنل 17 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے بقیہ میچوں میں شریک چار ٹیموں کے حتمی اسکواڈز کا اعلان ہوچکا ہیں۔

(جاری ہے)

کراچی کنگز میں عماد وسیم (کپتان)، عامر یامین ، ایلکس ہیلز(انگلینڈ)، ارشد اقبال ، اویس ضیا، بابر اعظم ، کیمرون ڈیلپورٹ (جنوبی افریقہ)،  چیڈوک والٹن (ویسٹ انڈیز)، افتخار احمد ، محمد عامر ، محمد رضوان ، شرجیل خان ، روتھر فورڈ(ویسٹ انڈیز)، عمید آصف ، عمر خان ، اسامہ میر ، وقاص مقصود اور وائن پارنیل (جنوبی افریقہ) شامل ہیں جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم میں سہیل اختر (کپتان)، تمیم اقبال (بنگلہ دیش)، فخر زمان ، محمد حفیظ ، ڈیوڈ ویزے (جنوبی افریقہ)، شاہین شاہ آفریدی ، عثمان شنواری ، سمت پٹیل (انگلینڈ)، حارث رئوف ، آغا سلمان ، بین ڈنک ( آسٹریلیا)، فرزان راجہ ، جاہد علی ، عابد علی ، محمد فیضان ، معاذ خان ، ڈین ویلاز (جنوبی افریقہ)اور دلبر حسین شامل کیا گیا ہے۔

اسی طرح ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، ایڈم لیتھ (انگلینڈ)، علی شفیق ، بلاول بھٹی ، برینڈن ٹیلر (زمبابوے)، عمران طاہر (جنوبی افریقہ)، جوئے ڈینلی (انگلینڈ)، جنید خان ، خوشدل شاہ ، محمد الیاس ، محمد عرفان ، روی بوپارہ (انگلینڈ)، رائیلی روسو(جنوبی افریقہ)، روحیل نذیر ، شاہد آفریدی ، سہیل تنویر ، عثمان قادر اور ذیشان اشرف موجود ہیں۔

پشاور زلمی میں وہاب کی ٹیم میں وہاب ریاض(کپتان)، عامر علی ، عادل امین ، کارلوس برتھویٹ (ویسٹ انڈیز)، فاف ڈو پلیسی (جنوبی افریقہ)، حیدر علی ، ہارڈس ویلجوئن (جنوبی افریقہ)، امام الحق ، کامران اکمل ، خرم شہزاد ، محمد عمران ، محمد محسن ، راحت علی ، ثاقب محمود ، شعیب ملک ، صہیب مقصود ، عمر امین اور یاسر شاہ ٹیم کا حصہ ہیں۔ اس حوالے سے تمام ٹیموں کے کپتانوں نے ٹائٹل جیتنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی بہت پرجوش اور ان بقیہ میچوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ایونٹ کے کوالیفائر میں شرکت سے ہمارے کھلاڑی بہت پراعتماد ہیں اور بطور کپتان اسی اعتماد کا فائدہ اٹھا کروہ اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں سے بہترین نتائج حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں ایونٹ کے پلے آف میچز کے انعقاد پر بہت خوش ہیں اور اس حوالے سے وہ منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کا اسکواڈ باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اوروہ  وسیم اکرم جیسے لیجنڈری کرکٹر کی کیمپ میں موجودگی کا بھرپور فائدہ اٹھاکر ٹائٹل جیتنے کی کوشش کریں گے۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہا ہے کہ وہ ایک بار پھر ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کے میچز کے آغاز پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم میں بہترین کھلاڑی موجود ہیں اور انہیں مکمل اعتماد ہے کہ بیٹسمین حریف بالرزکے خلاف بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں گے، شاہین آفریدی اور حارث رف سمیت باصلاحیت بالرزتو ہماری ٹیم کی پہچان ہیں۔ پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کہا ہے کہ بقیہ میچز کے انعقاد سے ہمیں ایک بار پھر ٹائٹل جیتنے کا موقع مل رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بطور کپتان اپنی کارکردگی سے اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں کو دبا سے نکالنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔