کراچی، پولیس کی شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں، لینڈ گریبرز،ایرانی ڈیزل اسمگلرسمیت دیگر جرائم میں ملوث 45ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعوی

بدھ 18 نومبر 2020 14:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2020ء) کراچی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران لینڈ گریبرز،ایرانی ڈیزل اسمگلرسمیت دیگر جرائم میں ملوث 45ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات،گٹکا ودیگر سامان برآمد کرنے کا دعوی کیاہے جبکہ نیو کراچی میں ڈکیت شہریوں کے ہتھے چڑ ھ گیا،تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کردیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق ملیر سٹی پولیس نے علیم آباد میں غیر قانونی مذبحہ خانہ کیخلاف کارروائی کرکے دو ملزمان عبدالغنی اور عمران کو گرفتارکرلیاہے۔گرفتارملزمان کے قبضے سے 100 کلو سے زائد مضر صحت گوشت برآمد کرلیاجبکہ پولیس کارروائی کے دروان گرفتار ملزمان کا ایک ساتھی قمر خالد عرف پپو فرار ہوگیا ۔گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ بیمار جانور کا گوشت مارکیٹ میں سپلائی کرتے تھے ۔

(جاری ہے)

کلاکوٹ میں پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کرکی4 منشیات فروش مسلم،مہرجان،سدھاس اورشاہزیب کوگرفتارکرلیاہے۔ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں کرسٹل،چرس ،ہیروئن،نقدی اور دیگرسامان برآمدہواہے۔ادھرسعیدآباد پولیس نے منشیات فروشی میں ملوث دو ملزمان محمد ولد سبز علی خان اور امجد ولد احسان اللہ کو گرفتار کرلیا۔پاک کالونی پولیس نے بڑا بورڈ گلی نمبر3 میں چھاپہ مار کر زہریلا گٹکا فروخت کرنے والا ملزم محمد عمران ولد سید نواب کو گرفتار کر لیا۔

لیاقت آباد پولیس نے ریحان ولد شاہد خان کو ڈیفنس فیز ٹو ایکسٹینشن کے قریب کارروائی کرکے مضرِ صحت گٹکا، ماوا اور مضرِ صحت شیشہ حقہ فلیور فروخت کرنے والے دو ملزمان محمد یوسف ولد غلام محمد اورسمیع اللہ خان ولد خالد خان کو گرفتار کرلیا۔پاکستان بازار پولیس نے ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ ناکام بتاتے ہوئے ڈرائیور قاسم کو گرفتارکرکے 1980 لیٹر ایرانی پیٹرول برآمد کرکے شہزور مزدا تحویل میں لے لیا۔

ابراہیم حیدری پولیس نے سرکاری زمین پر قبضہ کرنے میں ملوث دو ملزمان محمد ندیم اور محمد فہیم اورکرائے داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر مالک مکان عبدالغفار سمیت دو کرائے دار محمد ریاض اور ظفر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیاجبکہ منشیات فروش عمر عرف لہری اورڈکیت عزیزکو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔سمن آباد پولیس نے موٹر سائیکل لفٹر غلام مجتبیٰ،گلشن اقبال پولیس نے چار منشیات فروش میر حسن، دل مراد، محمد بلال اور ملک فائز،ماڑی پور پولیس نے منشیات فروش محمد یونس،ڈاکس پولیس نے 7منشیات فروش سعید خان، شیر افضل، فیض محمد، شہزاد، سعید آفریدی، محمد اشفاق اور مختیار ،سعید آباد پولیس نے تین رکنی ڈاکیت گروہ کے کارندوں عبدالصمد صدیقی عرف راجو،احمد علی عرف آصف اور ارسلان کوگرفتارکرلیا۔

پولیس نے ایک اور کارروائی میںدو ملزمان محمد اور امجد کوگرفتارکرلیاجبکہ شرافی گوٹھ پولیس نے ایک ملزم منظور عالم عرف موٹا، سولجربازار پولیس نے دو ملزمان فیاض خان عرف چھیپے اور محمد مبین ،موچکو پولیس نے ملزم ساجد علی کو گرفتار کرکے گٹکا ماوابرآمد کرلیا۔