انسداد دہشتگردی عدالت نے حافظ سعید سمیت چار رہنماؤں کو دو مزید مقدمات میں سزائیں سنا دیں

حافظ محمد سعید، پروفیسر ظفر اقبال اور یحییٰ مجاہد کو ساڑھے دس، دس سال ،پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی

جمعرات 19 نومبر 2020 20:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2020ء) انسداد دہشتگردی عدالت نے جماعة الدعوة کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعید سمیت چار رہنماؤں کو دو مزید مقدمات میں سزائیں سنا دیں،حافظ محمد سعید، پروفیسر ظفر اقبال اور یحییٰ مجاہد کو ساڑھے دس، دس سال جبکہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر 1 کے جج ارشد حسین بھٹہ کی عدالت میں سی ٹی ڈی کی طرف سے درج مقدمہ نمبر16/19 اور25/19کی سماعت ہوئی جس میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ اور جرح کے بعد فیصلہ سنایا گیا ہے۔

گواہوں کے بیانات پر حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کے وکیل نصیرالدین نیئر اور محمد عمران فضل گل ایڈووکیٹ کی طرف سے جرح کی گئی۔جماعةالدعوة کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعید جولائی 2019ء سے گرفتار ہیں اور ان کے خلاف اب تک چار مقدمات کے فیصلے سنائے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سے قبل بھی دو مقدمات میں انہیں گیارہ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔واضح رہے کہ جماعة الدعوة کے رہنماؤں کے خلاف سی ٹی ڈی کی طرف سے لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان اور دیگر شہروں میں کل اکتالیس مقدمات درج ہیں جن میں سے چوبیس کے فیصلے ہو چکے ہیں جبکہ باقی اے ٹی سی عدالتوں میں زیرسماعت ہیں۔

حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کے خلاف مقدمات میں فنڈز اکٹھے کر کے مساجدو مدارس تعمیر کرنے جیسے الزامات ہیں۔