بس اور ٹرک کے تصادم میں چالیس افراد جاںبحق

جلد بازی اور غلط اوور ٹیک نے درجنوں انسانی جانیں ضائع کر ڈالیں

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 26 نومبر 2020 07:07

بس اور ٹرک کے تصادم میں چالیس افراد جاںبحق
برازیل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 نومبر2020ء) ہم میں سے ہر ایک کو جلدی ہوتی ہے چاہے ہمیں کوئی کام کرناہو یا نہ کرنا ہو کہیں ایمرجنسی میں پہنچنا ہو یا نہ پہنچنا ہو۔دنیا میں پیش آنے والے اکثر حادثوں کے پیچھے تیز رفتاری اور غلط اوور ٹیک ہی کارفرما رہا ہے۔گزشتہ روز بھی برازیل کے ایک شہر میں ایسا ہی دردناک سانحہ پیش آیا جس کے نتیجے میں درجنوں قیمتی جانیں ضائع ہو گئی ہیں۔

برازیل میں پیش آنے والے حادثے میں ٹرک اور بس کے تصادم سے بہت بڑا جانی نقصان سامنے آیا کہ چالیس افراد موقعہ پر جان کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں شدید زخمی ہیں۔ملٹری پولیس کا کہنا تھا کہ یہ دردناک حادثہ ساﺅ پاﺅلا شہر میں پیش آیا جہاں جاں بحق اور زخمی سبھی افراد کو اسپتال پہنچایاگیااور ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت بھی بہت بری ہے اور ان کے بچنے کے زیادہ چانس بھی نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ ساﺅ پاﺅلا شہر سے لگ بھگ350کلومیٹر کی دوری پر پیش آیا جہاں تیز رفتاری کی وجہ سے دونوں گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بس میں سوار افراد ایک ٹیکسٹائل کمپنی کے ملازم تھے جنہیں ڈیوٹی پر سے لایا جا رہا تھا۔بس ڈرائیور نے اپنے آگے جانے والی گاڑی کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی تو سامنے سے آتے ہوئے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں اتنا بڑا سانحہ رونما ہوا۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ رواں برس ہائی وے کے جتنے بھی حادثے اب تک پیش آئے ہیں سب سے زیادہ اموات اسی حادثے میں پیش آئی ہیں۔حادثہ تیز رفتاری اور جلد بازی کے نتیجے میں پیش آیا ہے اگر بس کا ڈرائیور اپنے آگے جانے والی گاڑی کو جلد بازی میں اوور ٹیک نہ کرتا تو اتنے بڑے پیمانے پر انسانی جانیںتباہ ہونے سے بچ سکتی تھیں۔